وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطرات اور مجموعی سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں سے ہمیشہ اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں نئے کور کمانڈر، نئے ڈی جی رینجرز کے علاوہ صوبائی وزراء ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پی جی، مختلف اداروں کے صوبائی سربراہاں شریک ہوئے۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں مختلف اداروں کی جانب سے امن و امان سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کچھ گروپس پڑوسی ملک کی حمایت سے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مانیٹرنگ اور آپس میں کوآرڈینیشن سے حالات کنٹرول میں ہیں۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ کچھ قوم پرست گروپس بھی استعمال ہونے کیلئے ہمیشہ سے تیار ہیں، عسکریت پسند گروہوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلا س میں کہا کہ 2015ء میں ایپکس کمیٹی قائم کی گئی تھی، کمیٹی کے فیصلوں سے اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں، ہم نے شہر میں امن امان بحال کرنے میں کافی محنت کی ہے۔

مراد علی شاہ کاکہنا تھا کہ امن قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب کافی عرصے بعد یہ میٹنگ ہو رہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY