نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی اوسی) کی کاوشیں رنگ لے آئیں اور پاکستان نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا ہدف حاصل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ان تمام لوگوں کی بے پناہ محنت سے ایک ہدف جس کو لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے، حاصل ہو گیا ہے۔

اسد عمر نے لکھا کہ الحمد اللہ 2021 کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کی مکمل ویکسینیشن کا ہدف پورا کرلیا گیا ہے، اس اہم سنگ میل کے عبور پر میں این سی او سی کی انتھک محنت کرنے والی ٹیم، وفاق اور صوبوں کی انتظامیہ اور صحت کی ٹیموں کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔

اسد عمر نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ اس میں اسلام آباد سرفہرست ہے،جہاں 77 فیصد افراد مکمل ویکسین شدہ ہیں، پنجاب 51 فیصد ، گلگت بلتستان 46 فیصد ، آزاد جموں کشمیر 45 فیصد ، بلوچستان 42 فیصد ، کے پی 41 فیصد اور سندھ 37 فیصد پر ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY