وائٹ ہاؤس کی کووڈ-19 کی رسپانس ٹیم نے بدھ کو کہا ہے کہ ابتدائی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا کی نئی جینیاتی قسم آمیکرون امریکہ میں پھیل رہی ہے، لیکن اطمینان بخش پہلو یہ ہے کہ اس وقت دستیاب ویکسین کا بوسٹر اس کے خلاف مدافعت میں موثر دکھائی دے رہا ہے۔
وباؤں سے بچاؤ اور علاج کے امریکی ادارے، سی ڈی سی کی ڈائریکٹر روشیل والنسکی نے کہا ہے کہ اس وقت وائرس کی اس نئی قسم کی 36 ریاستوں میں موجودگی پائی جاتی ہے اور امریکہ میں تشخیص ہونے والے کل کیسز میں اس کی شرح 3 فیصد ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں یہ شرح زیادہ ہے، جیسا کہ نیویارک اور نیو جرسی،جہاں اس کی موجودگی کی شرح 13 فیصد تک ہے۔
امریکہ میں اومیکرون دگنی رفتار سے پھیل رہا ہے
والنسکی نے کہنا ہے کہ اگرچہ امریکہ میں کرونا کیسز کی واضح اکثریت یعنی 96 فی صد ڈیلٹا کے کیسز ہیں، لیکن ابتدائی اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اس کے پھیلنے کی شرح ڈیلٹا کے مقابلے میں دو گنی ہے۔
والنسکی نے وائٹ ہاؤس کے چیف میڈیکل ایڈوائزر انتھونی فاوچی اور کووڈ-19 ریسپانس کوآرڈینیٹر جیف زیئنٹس کے ساتھ کانفرنس میں اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسین کی مکمل خوراک اور بوسٹر کے ساتھ جسم کا مدافعتی نظام اسے مؤثر طور پر روک سکتا ہے۔












