پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹ سے ہرا دیا، دوسری اننگز میں مہمان ٹیم اسپن کے جادو میں پھنس گئی، نعمان علی نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

فواد عالم کو سنچری اننگ پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 4 فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل کراچی ٹیسٹ میں چوتھے دن پہلے سیشن کے کھیل میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 245 رنز پر ڈھیر ہوگئی،پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 88 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز کیا تو عابد علی 22 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے،ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے عمران بٹ بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے23 رنز پر 2 وکٹ گر جانے کے بعد کپتان بابر اعظم اور اظہر علی وکٹ پر آئے ۔

بابر اعظم 86 کے اسکور پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی 31 اور فواد عالم4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹیسٹ میچ میں چوتھے دن کے کھیل کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور ابتداء میں ہی جنوبی افریقا کی دو قیمتی وکٹیں حسن علی اور یاسر شاہ نے جلد حاصل کرکے میچ میں پاکستان کی گرفت مزید مضبوط کردی۔

جنوبی افریقا نے چوتھے دن اپنی 187 رنز، 4 کھلاڑی آؤٹ سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو حسن علی نے مہاراج کو انفرادی اسکور 2 رنز سے آگے بڑھانے نہ دیا اور انہیں بولڈ کردیا۔

جنوبی افریقا کے کپتان ڈی کوک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔

جنوبی افریقا کے آخری 4 کھلاڑیوں کو ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے آؤٹ کیا۔

مہمان ٹیم کی ساتویں وکٹ 234 کے اسکور پر گری جب جارج لین 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آٹھویں وکٹ 238 پر گری جب ربادا ایک رن بنا کر بولڈ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی نویں وکٹ نورٹج کی تھی وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بامووا تھے جو 40 رنز بنا سکے۔

مہمان ٹیم جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم 74 اور وین ڈر ڈاؤسن 64 ، بامووا 40 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ڈین ایلگر 29 ، جارج لین 11 اور فاف ڈیوپلیسی نے 10 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ کے کامیاب ترین بولر نعمان علی رہے جنہوں نے 25.3 اوورز میں 35 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ نے 4 اور حسن علی نےایک وکٹ حاصل کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY