سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر مشاہد اللہ خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ایوان بالا نے مرحوم سینیٹر کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

چئیرمین صادق سنجرانی کی زیر صدرات سینیٹ کا اجلاس سینٹ ہال میں ضروری مرمت کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاؤس کے قومی اسمبلی ہال میں ہوا، جس میں سینیٹر مشاہداللہ خان کے ایصال ثواب کے لئے دعا اور مرحوم سینیٹر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

راجا ظفرالحق نے کہا کہ مشاہداللہ خان کا سینیٹ میں انتہائی اہم کردار تھا، ان کی بات کو سنجیدگی سے لیا جاتا تھا، مشاہد اللہ کی اپنی پارٹی اور ایوان میں دونوں جانب سے انہیں محبت ملی، ہر شخص ان کی صلاحیتوں کا معترف تھا، راجا ظفرالحق نے مشاہد اللہ خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرارداد ایوان میں پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مشاہد اللہ خان نے آمرانہ دور کا بہادری سے مقابلہ کیا، مستقل مزاجی ان کی شخصیات کے عکاس ہے، جمہوریت و پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر عتیق شیخ نے مشاہداللہ خان سے سینیٹ میں تکرار پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بھائی مشاہداللہ خان اور انکے خاندان سے معافی کا طلبگار ہوں، مشاہداللہ خان نواز شریف کے پکے اور سچے ساتھی رہے، اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند سے بلند فرمائے۔

شیری رحمان، مشاہد حسین سید و دیگر سینیٹرز نے بھی مشاہد اللہ خان کی سیاسی، پارلیمانی اور قوم کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY