جرمن حکام نے بدھ پچیس جنوری کو علی الصبح انتہائی دائیں بازو کے مشتبہ شدت پسندوں کی تلاش میں چھاپے مارے۔ وفاقی دفتر استغاثہ کے مطابق یہ افراد مہاجرین، یہودیوں اور پولیس کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
وفاقی دفتر استغاثہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کےمطابق پولیس نے دائیں بازو کی شدت پسند تنظیم بنانے کے حوالے سے چھ مختلف جرمن ریاستوں میں 12 مختلف گھروں اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے اور کم از کم دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایک گرفتار شُدہ شخص کی عمر باسٹھ برس ہے اور وہ اس موومنٹ کا رکن ہے، جو جرمن ریاست کو تسلیم نہیں کرتی۔ اس گروپ نے 2016ء کے آغاز میں پولیس افسران، سیاسی پناہ کے متلاشیوں اور یہودی کمیونٹی کے ارکان پر مسلح حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔













