وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے، حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
یورپی وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر ایشیا پیسفک، پیٹرس اسٹبس کر رہے تھے، وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز، یورپین انویسٹمنٹ بینک تھوریا تریکی، ایڈیڈاز کے نائب صدر مینیول پاؤزر، ایندراتز کے نائب صدر کارل شلوگل باؤر، آئیکیا کے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے شامل تھے، وفد میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کیروبلس بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرے گی۔













