وزیر ریلوے نے کراچی ایکسپریس آتشزدگی واقعے میں تخریب کاری کا امکان ظاہر کر دیا
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کراچی ایکسپریس آتشزدگی واقعے میں تخریب کاری کا امکان ہو سکتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا گزشتہ روز ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، بظاہر لگ رہا ہےکہ ٹرین کی بوگی میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
ان کا کہنا تھا ریلوے واقعے میں تخریب کاری کا امکان ہو سکتا ہے، تحقیقات کریں گے کہ زنجیر کھینچنے کے کتنے وقت بعد ٹرین رکی اور خاتون کو کیوں کودنا پڑا، ریلوے حادثے سے متعلق حقائق ایک دو روز میں سامنے آجائیں گے۔
کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی، 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی تباہی کی لمبی داستان ہے، ہم پچھلی حکومت کی طرح لوگوں سے جھوٹ نہیں بولیں گے، پھاٹک لگانے کے لیے صوبائی حکومت یا ڈسٹرکٹ کونسل فنڈز دیتی ہے، جن جن مقامات پر پھاٹک لگانےکی ضرورت ہے مل کر بیٹھ جائیں، فنڈز دے دیں ہم لگا دیں گے، صوبائی حکومت فنڈز فراہم کر دے، ہم پھاٹک لگانے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیرپور کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے خاتون چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے پر زخمی ہونے کے بعد چل بسی جبکہ ایک شخص بوگی کے اندر ہی جھلس کر انتقال کر گیا، جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔











