سابق وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کرادیا ہے ، جس میں انہوں نے آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹرجنرل اسد درانی اور مہران بینک کے مالک یونس حبیب سے 35 لاکھ روپے لینے کی تردید کی ہے ۔
سپریم کورٹ نے اصغر خان عملدرآمد کیس میں آئی ایس آئی سے رقم وصول کرنے کے سلسلے میں نواز شریف، جاوید ہاشمی، عابدہ حسین سمیت 21 شہریوں کے علاوہ متعلقہ فوجی افسران، ڈی جی نیب اور ایف آئی اے سے جواب طلب کیا تھا۔
نوازشریف نے وکلا کے ذریعے جواب جمع کرایا ہے ،اس جواب میں پیسے لینے کی تردید کرنے کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ میری ہدایت پر میرے کسی نمائندے نے بھی الیکشن 1990ء میں آئی ایس آئی یا کسی اور سے فنڈز نہیں لئے ہیں۔
نوازشریف کا جواب 4صفحات پر مشتمل ہے جس میں الزامات کی تردید کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے ایف آئی اے میں 14ستمبر 2015ء کو بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔












