
بھارت کی اعلیٰ ترین عدالت نے ملک کی سب سے گنجان آباد ریاست اتر پردیش میں اسلامی اسکولوں پر پابندی سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد روک دیا ہے۔ یہ بات اس مقدمے میں شامل وکلاء نے جمعے کے روز بتائی۔
سپریم کورٹ کا یہ حکم ملک میں قومی انتخابات شروع ہونے سے کچھ دن پہلے سامنے آیا ہے جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تیسری مدت کے لیے امیدوار ہیں۔
عدالت عظمیٰ، الہ آباد ہائی کورٹ کے 22 مارچ کے اس حکم کو کئے گئے چیلنج کا جواب دے رہی تھی جس نے ریاست اتر پردیش میں، جہاں دو کروڑ چالیس لاکھ آبادی کا پانچواں حصہ مسلمان ہے، مدارس کہلائے جانے والے اسکولوں کو چلانے والے 2004 کے قانون کو ختم کر دیا تھا۔
ہائی کورٹ نے یہ کہتے ہوئے کہ یہ قانون آئینی سیکولرازم کی خلاف ورزی ہے، یہ ہدایت بھی دی تھی ان اداروں کے طلباء کو روایتی اسکولوں میں منتقل کیا جائے۔
نیوز پورٹل، لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا، “ہمارا خیال ہے کہ درخواستوں میں اٹھائے گئے مسائل تفصیلی طور پر غور طلب ہیں۔”
وکلاء نے کہا کہ اب اس معاملے کی سماعت جولائی میں ہو گی، اور اس وقت تک “سب کچھ معطل رہے گا”۔
بھارت کے وفاقی انتخابات کا عمل جون میں مکمل ہو گا۔
ریاست اتر پردیش میں بورڈ آف مدرسہ ایجوکیشن کے سربراہ افتخار احمد جاوید نے عدالت کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک”بڑی جیت” قرار دیا۔
انہوں نے کہا، “ہم واقعی تقریباً 16 لاکھ (1.6 ملین) طلباء کے مستقبل کے بارے میں فکر مند تھے اور اب یہ حکم ہم سب کے لیے انتہائی سکون لے کر آیا ہے۔”
مودی کے دس سال کے دور اقتدار میں، ان کی بی جے پی اور اس سے وابستہ تنظیموں کے ارکان پر بار بار اسلام مخالف نفرت انگیز تقریر کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
تاہم مودی نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کی حکومت میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک موجود ہے، جو ان کے بقول سب کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔












