وزیر خارجہ شاہ محمود نے فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیر خارجہ سفارتی محاذ پر ہیں، جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون کرنے کے بعد فرانسیسی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلفیونک رابطے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر غور کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام سے متعلق آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام سے خطے میں امن و امان کو در پیش مسائل بڑھ جائیں گے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نیا انسانی المیہ جنم لیتا نظر آ رہا ہے۔












