پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب بھی جمہوری حکومتیں ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہیں تو ان کوناکام کیا جاتا ہے اور اب غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے ورچوئل خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کا ہر کارکن تحسین کے قابل ہے کیونکہ آپ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو مشکل ترین وقت سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پاکستان ضرور منزل حاصل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘نوجوان پاکستان میں نئی سیاست کےمعمار بنیں گے اور اس وقت ہم تاریخ ساز جدوجہد سے گزر رہے ہیں، پاکستان ایک ٹھوس نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، 73 سال گزرنے کے باوجود ملک آج بھی قائداعظم کی منزل کا متلاشی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘کتنے افسوس کی بات ہے کہ 73 سال گزرنے کے باوجود ہم اپنی منزل تلاش ہی نہیں کرسکے کہ ہمیں کس راستے پر جانا ہے، اس کا تعین نہیں کرسکے، ابھی تک اپنی منزل اور راستے کا پتہ نہیں ہے، دنیا چاند سے آگے مریخ پر پہنچ گئی لیکن ہم اس دنیا میں اپنے ملک پاکستان کا راستہ تلاش نہیں کرسکے’۔












