حضرت علی اکبر 11 شعبان 33 ہجری کو مدینے میں پیدا پوئے

0
2199

علی بن حسین بن علی بن ابی‌ طالب(33ھ-61ھ)، علی اکبر کے نام سے مشہور امام حسین علیہ السلام کے فرزند اور واقعہ عاشورا کے بنی ہاشم کے شہداء میں سے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ آپ ظاہری شکل و شمائل اور باطنی سیرت کے لحاظ سے رسول اللہ سے بہت زیادہ مشابہت رکھتے تھے اسی لئے آپ کو شبیہ پیغمبر (ص) بھی کہا جاتا تھا۔ اور امام حسین جب بھی پیغمبر اکرمؐ کے دیدار کے مشتاق ہوتے تو علی اکبر کے چہرے کی طرف نظر کرتے تھے۔ علی اکبر روز عاشورا شجاعت کے جوہر دکھاتے ہوئے یزیدی لشکر کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ تاریخی روایات کے مطابق آپ بنی ہاشم کے پہلے شہید ہیں۔ آپ کی قبر حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ہے۔

حضرت علی اکبر 11 شعبان 33 ہجری کو مدینے میں پیدا پوئے۔ آپ امام حسین (ع) کے بڑے بیٹے تھے۔ آپ کی والدہ ماجدہ کا نام لیلی بنت ابی مرۃ مشہور ہے۔ تاریخی مصادر میں امام حسین(ع) کے اس فرزند کا لقب اکبر اور کنیت ابو الحسن مذکور ہے۔

حضرت علی اکبر (ع) کی زندگی کے بعض پہلووں کے بارے میں مورخین میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ مثلا بعض مورخین آپ کو امام حسین (ع) کے سب سے بڑے بیٹے کے طور پر متعارف کراتے ہیں۔ جبکہ بعض آپ کو امام سجاد (ع) سے عمر میں چھوٹا تصور کرتے ہیں۔ اسی طرح آپ کی شادی اور اولاد کے بارے میں بھی تاریخ میں اختلاف پایا جاتا ہے بعض حضرات آپ کے زیارت نامے میں موجود ایک جملے کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ کے صاحب ہمسر و فرزند ہونے کے قائل ہیں۔ شیخ کلینی اپنی کتاب فروع کافی میں امام رضا(ع) سے ایک حدیث نقل کرتے ہیں جو آپ کی ایک کنیز کے ساتھ شادی ہونے اور حسن نامی ایک بیٹے کی پیدائش سے حکایت کرتی ہے۔ جب کہ بعض دوسرے محققین تصریح کرتے ہیں کہ آپ کی کوئی اولاد نہیں ہے اور امام حسین(ع) کی نسل حضرت امام زین العابدین (ع) سے چلی ہے۔

علی اکبر 10 محرم سنہ 61 ہجری قمری کو واقعہ عاشورا میں اپنے والد گرامی اور بنی ہاشم کے دوسرے شہداء کے ساتھ شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔ اور امام حسین(ع) کے قبر مطہر کے نزدیک کربلا میں مدفون ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY