وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اس بار لوگ اعتبار گھر پر ہی کریں، ہمارے لیےعوام کی زندگی اہم ہے۔

صوبائی وزیر صحت کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی واک ان ویکسینیشن شروع کر دی ہے، تحمل مزاجی بھی ہونی چاہیے، لوگ ناراض ہوتے ہیں، انتظار نہیں کرتے، صبح کے وقت جب رش ہوتا ہے تو لوگ ناراضی کا اظہار کرنے لگتے ہیں، ہم تو کسی بھی قسم کا وی آئی پی کلچر پروموٹ نہیں کر رہے، پرائیویٹ سیکٹر میں ویکسین پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چین کی حکومت کے بہت شکر گزار ہیں، ہمیں تین کروڑ ویکسین کی کمٹمنٹ آ گئی ہے، آپ ہمسایہ ملک دیکھیں اور پاکستان کا حال دیکھیں، ہمیں روزانہ شکرانے کے نفل پڑھنے چاہئیں، اللہ تعالیٰ کی بڑی رحمت ہے کہ مریضوں کی تعداد سنبھلی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افطاری کے بعد سحری تک سب کچھ بندکرنےکا بہت بڑا فائدہ ہوا ہے، لاہور میں ہمارا لاک ڈاؤن سب سے مؤثر رہا ہے، جتنے مریض آ رہے ہیں اتنے صحت مند ہو کر جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہور میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آگئی ہے، اگر سختی سے ایس او پیز پر عمل کریں تو مزید بہتری آسکتی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ آکسیجن کی طلب کا اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے، کابینہ کمیٹی نے اجازت دی ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن جنریٹر لگا سکتے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY