پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز اظہر علی اور عابد علی کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں پر 268 رنز بنا لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر عمران بٹ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پہلے میچ میں عمدہ بلے بازی کرنے والے عمران بٹ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 2 رنز بنا کر 12 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے اظہر علی کریز پر آئے اور دونوں کے درمیان 232 رنز کی شان دار شراکت قائم ہوئی۔ اظہر علی نے شان دار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے کیریئر کی 18 ویں سنچری مکمل کی۔
126 رنز بنا کر سینئر بیٹسمین موزاربانی کا نشانہ بن گئے، بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور دو سکور بنا کر موزاربانی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے میچ میں سنچری داغنے والے فواد عالم کی اننگز 5 تک محدمود رہی۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین بھی موزاربانی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لیے ہیں۔ عابد علی 118 جبکہ ساجد خان 1 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ موزاربانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، حسن علی، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان۔
زمبابوین سکواڈ:
برینڈن ٹیلر (کپتان)، کیون کاسوزا، تریسائی مساکڈزا، ریجِس چاکبوا، مِلٹن شُمبا، رائے کایا، ٹینڈائی چیسورو، لیوک جونگوے، ڈونلڈ ٹریپانو، بلیسنگ موزاربانی اور رچرڈ ناراوا۔












