امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد تمام باغی گروہوں سے رابطے میں ہے۔
بائیڈن انتظامیہ کے مطابق امریکہ چاہتا ہے کہ شام میں نئی حکومت کا قیام وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔
وائٹ ہاؤس کے نیشنل سیکیورٹی کے کمیونی کیشن ایڈوائزر جان کربی نے وائس آف امریکہ کی ترک سروس سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ شام میں جو بھی نئی حکومت سامنے آئے وہ عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو۔
شام میں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے والی تنظیم ’ہیئت تحریر الشام‘ کے حوالے جان کربی نے کہا کہ القاعدہ سے الگ ہونے والی اس تنظیم اور اس کے سربراہ کے بارے میں یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وہ اپنے نظریات کو تبدیل کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ہیئت تحریر الشام اور اس کے سربراہ محمد الجولانی کو امریکہ کے دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
اسرائیل کے شام اور گولان ہائیٹس پر حملوں کے حوالے سے جان کربی نے کہا کہ اسرائیل شام میں اپنے آپریشن کے حوالے سے خود تفصیلات بتائے گا۔ اس کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
ان کے بقول اسرائیل اپنے لیے کئی خطرات محسوس کرتا ہے۔ اس کو شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کا امکان اور ان کے ممکنہ استعمال کا خدشہ ہے۔













