اڑتیسواں ظفر زیدی میموریل مشاعرہ

0
876

ایک تروتازہ شام
(اڑتیسواں ظفر زیدی میموریل مشاعرہ)

رپورتاژ از گلناز کوثر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کچھ پھول ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی خوشبو کا اندازہ ان کے کھلنے سے پہلے ہی ہو جاتا ہے۔اتوار 11 جولائی 2021 کی شام کو کھلنے والی یہ پھولوں جیسی محفل بھی ایسی ہی تھی جس کے رنگ اور خوشبو پہلے سے ہی یہاں وہاں پھیلے نظر آ رہے تھے ۔۔۔۔ انتظام ایسا شاندار کہ جیسے ہر شے ایک خود کار سسٹم پر سیٹ کر دی گئی ہو۔۔۔ اور کیوں نہ ہوتی ٹیم بھی تو دیکھیے جہاں احمد مبارک ، حمیرا رحمن ، اویس راجہ جیسے نام موجود ہوں گے سلیقہ بھی ہو گا اور تخلیقی سرشاری بھی ۔۔۔
حمیرا رحمن مجھے بہت پسند ہیں۔ وہ بولیں تو سنتے ہی رہنے کو جی کرے ۔۔۔ چپ رہیں تو آپ دھیمی مسکراہٹ کے جادو میں جکڑے جائیں۔۔۔۔ اور شعر سنائیں تو آپ سر تا پا سماعت بن جائیں ۔۔۔۔ ان کے دو شعر دیکھیے۔

؎ چھپے ہوئے ہیں لکھاری کی کم بیانی میں
کئی علامتی کردار اس کہانی میں

کچھ اور مانگ رہی تھی یہ مہلتیں ہم سے
سفر کٹا ہے کسی اور رائیگانی میں

گو یہ آن لائن مشاعرہ تھا جو اکثر بےجان لگنے لگتا ہے لیکن سب کچھ ایسی خوبصورتی سے ترتیب دیا گیا تھا کہ اس کا لطف کسی حقیقی مشاعرے جیسا ہی تھا۔۔۔ احمد مبارک صاحب کو پہلی بار نظامت کرتے دیکھا الفاظ بھی اور ان سے زیادہ لہجہ یوں جیسے جھونکوں کی سرسراہٹ اور گنگناتے جھرنے کی سن سن کو ملا جلا کر بنایا گیا ہو۔۔۔۔ انہیں دیکھتے ہی تین چار برس دور پڑی ایک شام کی یاد شدت سے آئی جب ان کا گزر میرے شہر سے ہوا تھا ۔۔۔ شام نے گزرتے مسافر کا دامن تھام کر بٹھا لیا اور ہم چار دوست کئی گھنٹے شعروں اور نظموں کی خوبصورت دنیا میں کھوئے رہے دورانِ مشاعرہ جب انہوں نے اس شام کا ذکر کیا تو مجھے اچھا لگا۔۔۔ حیرت بھی ہوئی پھر سوچا۔۔۔ اچھی شامیں ہمیشہ یاد رہتی ہی ہیں۔۔۔۔۔۔ آپ کے دو شعر جو اس شام کے آغاز سے سامنے ٹیبل پر چپ چاپ آ کر بیٹھ گئے اور آخر تک وہیں موجود رہے:

؎ اک خواب پہ کھلے گا در التفات اور
میں ہم رکاب روح و بدن مست جاؤں گا
یا
؎ پڑ رہوں گا ایک طرف بےجواز میں
یا اک طرف لگاتا ہوا جست جاؤں گا

بڑے سلیقے اور مہمانوں کے احترام کے ساتھ سب میزبانوں نے سب سے پہلے پڑھا۔۔۔ اویس راجہ جتنے اچھے منتظم ہیں شاعر بھی ویسے ہی شاندار ہیں ۔۔۔۔ ان کے ہاں بڑی ترکیب سے سادگی اور خیال کی گہرائی ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ایک ساتھ چلے آتے ہیں:

؎ میں ایک تیر کو پہلو سے کھینچ لوں پہلے
پھر ایک یار کو اس آستیں سے کھینچنا ہے

گھٹا برس بھی رہی ہو تو پی نہیں سکتا
شجر ہوں میں مجھے پانی زمیں سے کھینچنا ہے

ڈاکٹر شہلا نقوی کی نظم عصری شعور کی عکاس تھی تو غزل روایت کی پاسداری کی خوبصورت مثال۔۔۔ شعر دیکھیے۔۔۔

؎ اک قبا قامت ہستی کے لیے ہے درکار
پارچے بکھرے ہیں باقی ہے فقط بخیہ گری

خاک رستوں کی تو چھنوائے گی کب تک مجھ سے
کون سا گھر ہے مرے واسطے اے دربدری”

مامون ایمن صاحب حالانکہ سینئیر شاعر ہیں لیکن میزبان ہونے کے باعث ان کا کلام بھی پہلے سنا گیا ۔۔۔ دل ہی دل میں شرمندگی بھی ہوئی میزبان ہوں یا مہمان جو ہم سے آگے ہیں انہیں ہر طرح سے آگے ہی رہنا چاہیے۔۔۔ آپ کے چند اشعار:

؎ برفانی راہوں سے ہو کر جھونکے ایسے گزرے کچھ
رم جھم بادل بن کر جیسے انگارے بھی برسے کچھ

پتھر سے آئینہ ٹوٹا آئینے سے سپنے کچھ
تعبیروں سے شیشے ابھرے کرچی بن کر بکھرے کچھ

مشاعرے کا تھیم شاید لکھنے والوں کی تازہ کھیپ کو آگے بڑھانا تھا لیکن ہر نام بڑی سوچ بچار سے چُنا گیا تھا ۔۔۔۔ معیار کڑا تھا ایسا کہ سب سے کم عمر شاعر حمزہ یعقوب کا انتخاب بھی یہ بتا رہا تھا کہ جناب ہم یہاں شاعری سننے جمع ہوئے ہیں۔۔۔ کیا سُچا موتی ڈھونڈ کر لایا گیا تھا۔۔۔ ان کے دو اشعار سے ان کے شعری وفور کا اندازہ لگائیے:

؎ پرائی بھیڑ میں کیسے جدا لگوں گا میں
اکیلا ہوں گا تو سب کو خدا لگوں گا میں

ابھی تو ریت کی صورت اڑا رہے ہو مجھے
ذرا سی دیر رکو آئینہ لگوں گا میں

مشاعرے کا دورانیہ کچھ روز پہلے پوچھا تو ڈھائی گھنٹے بتایا گیا اور کمال مہارت سے بغیر کوئی عجلت دکھائے عین مقرر وقت پر اسے ختم کر دیا گیا۔۔۔۔ علاوہ میزبانوں کے صاحب صدر کو ملا کر غالبا دس شاعر منتخب کیے گئے تھے اسی باعث ہر ایک کو اچھے سے سنا گیا اور کئی اشعار بعد از مشاعرہ بھی ذہن میں رہ گئے۔۔۔ ابھیشیک شکلا کو پہلی مرتبہ سننے کا موقع ملا اور بہت افسوس ہوا کہ اس شاعری سے پہلے کیوں ملاقات نہیں ہو پائی امیجز ایسے کہ جیسے گھڑے گھڑائے کہیں سے خزانے کے جیسے ان کے ہاتھ لگ گئے ہوں ۔۔۔۔ اشعار دیکھیے:

؎ بنے بنائے ہوئے دکھ نہیں اٹھاتا ہوں
جو دکھ اٹھانے ہوں پہلے انہیں بناتا ہوں میں

کوئی اڑائے اگر دھوپ کی طرف سے مجھے
شجر پہ جا کے ہری پتیاں بناتا ہوں میں

ہمارا رشتہ ہماری طرح انوکھا ہے
وہ خرچ کرتا ہے مجھ کو اسے کماتا ہوں میں

مشاعرہ دھیرے دھیرے سرک رہا تھا اور ہر شاعر کے بعد لگتا تھا کہ شاید یہی شاعری حاصل مشاعرہ تھی لیکن اگلا شاعر سخن کے نئے پھول نئی خوشبو لیے چلا آتا تھا سعید شارق کے ہاں شاید سگنلز وغیرہ کا مسئلہ تھا ان کے اشعار ٹھیک سے سنائی نہیں دے رہے تھے لیکن جو بھی مصرع سماعت تک پہنچا بےاختیار جی سے واہ نکلی۔۔۔ ایک شعر دیکھیے:

تری تنہائی گئی، پھر مری تنہائی گئی
کتنا نقصان ہوا مجھ کو، ترے آنے سے!

عدیل شاکر سے ایک ملاقات لندن میں دو تین برس پہلے ہوئی تھی اور ان کے متعلق مجھے پہلے ہی علم تھا کہ یہ آئیں گے بعد میں اور چھا پہلے جائیں گے انہیں شعر تو عطا ہوا ہے ۔۔۔ پڑھنے کے لیے ایک خاص لے بھی ساتھ ہی عطا ہوئی ہے۔۔۔ شعر دیکھیے:

؎ ہمیشہ ٹھیک ہمارا کہا نکلتا ہے
مگر زمانہ ترا ہمنوا نکلتا ہے

بصد وثوق سند دے جسے طبیب کوئی
وہ تندرست مریض انا نکلتا ہے

تو کھل کے رو کبھی اور اس کے بعد دیکھ کہ دل
چھٹے غبار تو کیسا نیا نکلتا ہے

کامران نفیس سے ملنے کا بڑا اشتیاق تھا ۔۔۔ جب سے مشاعرے کا اعلان ہوا میں انتظار میں رہی کہ اب اس شاعر کو سننے کا موقع بھی ملے گا جس کے اشعار کچھ عرصے سے جی میں کھبے جا رہے تھے۔۔۔ اور جب سنا تو سمجھ آئی یہ اشتیاق بےفائدہ نہیں تھا خوبصورت لہجہ اور بےساختہ شاعری ایسی تازہ جیسے زمین سے نئی کونپل پھوٹتی ہو۔۔۔ نمونہ کلام دیکھیے:

؎ سبز پتوں کے بکھرنے میں عجب کچھ بھی نہیں
بس ہوا تیز ہے اور اس کا سبب کچھ بھی نہیں

جب وہ آنسو نہ بہے تب ہمیں معلوم ہوا
دشت میں ریت ہے اور ریت میں اب کچھ بھی نہیں

عاطف توقیر اپنے مخصوص جوشیلے انداز میں شعر پڑھتے رہے اور ان کی آواز کا زیروبم ایسا تھا کہ جیسے وقت بھی اسی تال پر دھڑکنے لگا ہو۔۔۔ ان کی شاعری سے پرانی ملاقات ہے ۔۔۔ جب بھی سنا ایسا لگا کہ ان کے مصرعوں ان کی آواز کی گونج باقی ہے اور ہر شے زندگی کے تھال سے بس ادھر ادھر سرک گئی ہے۔۔۔ شعر دیکھیے:

؎ وقت تھا ایک سانحہ اور سانحہ گزر گیا
وارفتگاں کے ہاتھ سے موجودگاں چلے گئے
٭٭٭
؎ میں بھی خدا پرست ہوں تو بھی خدا پرست ہے
لیکن ہمارے درمیاں پھر بھی بلند و پست ہے

ایسی گھنیری تیرگی گویا دیا بھی معتبر
ایسی کٹھن مسافتیں گویا قدم بھی جست ہے

عمران عامی سے ملاقات کا بھی بہت اشتیاق تھا اور ان کی زندگی سے جڑی شاعری پنجاب کی خوشبو سے مہکتی ہے سادگی اور روانی کی خوبصورت مثال ہے۔۔۔ شعر دیکھیے:

؎ جس قدر شور آب و گل تھا یہاں
اُس قدر اہتمام تھا ہی نہیں

ہم نے اس وقت بھی محبت کی
جب محبت کا نام تھا ہی نہیں
٭٭٭
پرندہ آئینے سے کیا لڑے گا
فریب ذات میں آ کر مرے گا

ہماری خاک سے دنیا بنی تھی
ہماری راکھ سے اب کیا بنے گا
کاشف حسین غائر اپنی سادہ سی زنبیل میں جیسے بھرے بھرائے خزانے لیے پھرتے ہیں ۔۔۔ ان کے ہاتھوں جڑے الفاظ ہیرے کی کنی جیسے چمکتے ہیں ۔۔۔۔ نہ جانے شعر لکھتے یا پھول جگنو بنانے کی کوئی ترکیب ہے جو کسی طرح ان کے ہاتھ لگ گئی ہے۔۔۔ تین شعر دیکھیے

؎ اشک تارے بنا لیے میں نے
دکھ شرارے بنا لیے میں نے

ایک دریا نہ بن سکا مجھ سے
دو کنارے بنا لیے میں نے

کتنی دیواریں کتنے دروازے
ڈر کے مارے بنا لیے میں نے

خورشید رضوی صاحب کو عرصے بعد دیکھا اور گردوپیش کا سارا منظر پگھلتے پگھلتے گورنمنٹ کالج کے برآمدے میں تبدیل ہو گیا۔۔۔ ڈرتی جھجھکتی ایک لڑکی برآمدے سے اندر دفتر میں جھانکتی بھی نظر آئی جہاں سر خورشید ایک پرسکون متانت سے کاغذوں کتابوں اور حرفوں کی دنیا میں مگن نظر آرہے تھے۔۔۔ ان جیسا شاید کبھی گزرا ہو اب تو کوئی بھی نہیں۔۔ لکھنے بیٹھوں تو دفتر کھل جائیں ۔۔۔ یہ سب بس ایسے ہی ہے کہ میری زندگی کا ایک بڑا فخر یہ ہے کہ مجھے اس ہوا میں سانس بھرنے کا موقع ملا جہاں ان جیسی علمی ادبی تخلیقی اور نستعلیق شخصیت موجود تھی ۔۔۔۔ آپ نے حسب روایت صدارتی گفتگو کی جو ہرگز روایتی نہیں تھی یہ لگ ریا تھا کہ انہیں مشاعرے کی اتنی ہی بچگانہ خوشی ہوئی ہے جتنی ہم سب کے حصے میں آئی۔۔۔۔ ان کے اشعار کی گونج سویرے میرے ساتھ شہر کی سڑکوں تک چلی آتی تھی:

؎ اسی ایک پل کی تلاش ہے شب و روز میں مہ و سال میں
وہ کہیں بھی مجھ کو ملا نہیں نہ فراق میں نہ وصال میں

جو کہو تو جال سمیٹ لوں فقط ایک موج ہے جال میں
اسے کیا خبر کہ میں خواب ہوں وہ جو گم ہے میرے خیال میں
٭٭٭
؎ یہ سلسلہ ہے عجب سربسر بنایا ہوا
یہ دل، دلوں میں یہ شوق سفر بنایا ہوا

بنی ہوئی سر قرطاس اک خیال کی دھوپ
اور اس میں سایہ کناں اک شجر بنایا ہوا

تھکے ہوئے در و دیوار ہیں نہ دو دستک
کہ گر پڑے نہ کہیں گھر کا گھر بنایا ہوا

وقت کے قیدی اس محفل سے کہاں جانا چاہتے تھے لیکن مجبور تھے گھڑیاں جو مقرر تھیں بیت چکی تھیں اور سب الوداعی کلمات کہتے ہوا کی لہروں پر رکھی اس چھوٹی سی محفل سے اٹھے اور ستاروں سے بنی سیڑھیاں اترتے اپنی اپنی حدود اپنی اپنی زمینوں کو جانے لگے۔
٭٭٭٭٭٭

مشاعرے کی وڈیو

SHARE

LEAVE A REPLY