جنوبی افریقا کی پارلیمنٹ اکھاڑا بن گئی، اپوزیشن نے صدر جیکب زوما کو خطاب سے روکنے کی کوشش کی تو مکے اور لاتیں چل گئیں۔

جنوبی افریقی صدر جیکب زوما پر بدعنوانی، اقربا پروری اور اقتصادی بدانتظامی کے الزامات ہیں، وہ قوم سے خطاب کے لیے پارلیمنٹ پہنچے تو اپوزیشن نے مخالفانہ نعروں سے ان کا استقبال کیا۔

اجلاس کے دوران گرما گرمی بڑھی تو اسپیکر نے گارڈزکو طلب کر لیا، اس موقع پر اپوزیشن ارکان اور گارڈز کے درمیان مکوں اور لاتوں کا تبادلہ ہوا اور گارڈز نے ارکان کو زبردستی ایوان سے باہر نکال دیا۔

پارلیمنٹ ملکی معاملات پر بحث مباحثے کی جگہ ہے لیکن کبھی کبھار بحث مباحثے کے دوران کوئی شخص منطق اور دلیل کا دامن چھوڑ دے تو نوبت تلخ کلامی اور ہاتھا پائی تک پہنچ سکتی ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر کے جمہوری ممالک کے پارلیمانوں میں کبھی کبھار ایسا بھی ہوجاتا ہے ۔

بڑے بڑے ملکوں کے بڑے بڑے ایوانوں میں چھوٹے موٹے واقعات ہونا کوئی بڑی بات نہیں، جہاں معزز ارکان اکثر مکے لاتوں سے پوچھتے ہیں، ہاں بھائی، کیسا لگا؟

منہ سے نکلی بات اگر سمجھ نہیں آتی تو پھر ہاتھوں پیروں سے سمجھایا جاتا ہے، ایوان دنگل بن جاتا ہے،خواتین بھی ایک دوسرے کی طبیعت صاف کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔

کُشتی صرف دو ارکان کے درمیان نہیں لڑی جاتی، بلکہ ہم نوا بھی میزیں کرسیاں پھلانگ کر رِنگ میں اپنا رنگ دکھاتے ہیں۔

قانون ساز اگر ایوان میں قائل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو ناک آؤٹ سیشن باہر بھی رکھے جاتے ہیں، ہاتھوں پیروں سے خیر خیریت پوچھنے اور گرم جوشی سے جواب دینے کےمعاملے میں صرف ایشیائی ہی بدنام نہیں، بلکہ یورپی اور لاطینی امریکا والے بھی خود کفیل ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY