امریکی افواج نے ایران پر مسلسل بارہویں روز حملے شروع کردیے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام) نے کہا ہے کہ کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر امریکی افواج نے ایران کے فوجی اہداف پر مزید حملے شروع کر دیے ۔
سینٹکام کے مطابق، یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے شہری اور تجارتی جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کیا جا سکے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے شہروں سیرک اور بوشہر میں دھماکے سنے گئے جنکہ اہواز شہر کے قریب بھی امریکی میزائل حملے کی اطلاع ہے۔
ادھر کویتی فوج نے فضائی دفاعی نظام سے ایرانی ڈرو ن حملے کو ناکام بنا نے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ایک آئل ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جاری بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ دھماکے کے بعد 2 دیگر بحری جہاز فوری طور پر واپس مڑ گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ تینوں جہاز امریکا کی ہدایات پر کارروائی کر رہے تھے اور ان کا مقصد آبنائے ہرمز کے جنوب میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاسدارانِ انقلاب کی طاقتور بحریہ اس بات پر زور دیتی ہے کہ آبنائے ہرمز ہمارے کنٹرول میں ہے، اور جب تک خطے میں امریکا کی جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں گی، یہ آبی گزرگاہ مکمل طور پر بند رہے گی۔













