لعل شہباز قلندر کے مزار کو غسل دینے کے بعد زائرین کے لیے کھول دیا گیا

0
1450

حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کو غسل دینے کے بعد زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔

مزار کا ایک دروازہ کھول کر زائرین کو آنے کی اجازت دی گئی.

دہشت گردی کی کارروائی زائرین کے حوصلے پست نہ کرسکی اور مزار کھلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔

مزار کھلا تو اطراف کے بازاروں میں بھی معمول کی رونق لوٹ آئی، تاہم مزار اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

ایک روز قبل درگاہ میں ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے کے باوجود جمعے کی شام بھی مرد، خواتین سمیت بچوں کی بڑی تعداد لعل شہباز کے قلندر کے مزار پر پہنچی اور معمول کے مطابق دھمال کا حصہ بنی اور صدیوں پرانی روایت کو جاری رکھا۔

خیال رہے کہ عام روایت کے مطابق ایسا مانا جاتا ہے کہ روز اول سے درگاہ پر دھمال کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے اور جمعے کی شب عقیدت مندوں اور زائرین کا جوش و خروش عقیدت کی بلندیوں کو چھوتا نظر آیا۔

صوفی بزرگ کے عقیدت مندوں کے مطابق حضرت لعل شہباز قلندر نے 13 ویں صدی میں دھمال ڈالنے کی روایت ڈالی تھی اور تب سے یہ یونہی جاری ہے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے سہون کے سپرانٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) میاں راشد ہدایت کا بتانا تھا کہ زائرین کو دھمال کی اجازت دی گئی تاہم انہیں درگاہ کے اندرونی ہال میں داخلے سے روکا گیا کیوں کہ اس مقام پر تفتیش کا سلسلہ ابھی جاری ہے، درگاہ کا اندرونی حصہ محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام کی اجازت کے بعد ہی زائرین کے لیے کھولا جائے گا۔

جمعرات کی شام درگاہ میں جاری دھمال کے دوران لعل شہباز قلندر کے مزار پر دھماکے کا مقدمہ تھانہ سیہون میں درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیہون رسول بخش پنہور کی مدعیت میں خود کش حملہ آور اور اسکے 4 نامعلوم ساتھیوں کے خلاف درج کیا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY