عہدِ جدید کا ، ارسطو ، سقراط ، شیکسپیئر اور مصطفی زیدی اور شکیب جلالی کا معاصر
چونکا دینے والے لہجے کے شاعر آنِس معین کے ادبی سفر کی داستان
تحریر و تحقیق : عارف توصیف

آج آنِس معین اور ان کی شاعری کا ذکر کرتے ہیں۔ آنس معین کی کہانی بڑی درد ناک ہے۔ یہ وہ شاعر ہیں جو انتیس نومبر انیس سو ساٹھ کو لاہور میں پیدا ہوٸے اور جنہوں نے ملتان میں پانچ فروری انیس سو چھیاسی کو ایک ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ انیس سو ستتر میں آنِس معین کے والد سید فخرالدین بلے سول لاٸینز سرگودھا میں مقیم تھے اور وہاں انہوں نے ایک ادبی محفل کا انعقاد کیا۔ اس محفل میں (ڈاکٹر) خورشید رضوی نے اپنی ایک غزل پڑھی تو آنس معین جو اس وقت ایف اے کے طالب علم تھے انہوں نے بے ساختہ داد دی۔ یہ دیکھ کر سجاد نقوی نے یونہی پوچھ لیا کہ آنِس میاں کیا آپ بھی کچھ کہتے ہیں؟ تو آنِس جھوٹ نہ بول سکے اور جب سب نے اصرار کیا تو تو اپنی غزل سنانے کےلیے تیار ہوگٸے۔ فخرالدین بلے پر بھی شاید یہ پہلی مرتبہ کھلا کہ آنِس معین بھی غزل کہنا شروع کرچکے ہیں۔ وہ جان بوجھ کر ڈراٸنگ روم سے باہر چلے گٸے اور جب تک آنِس اپنی غزل سناتے رہے وہ باہر رہے ۔ لیکن جب آنس معین نے غزل ختم کی تو محفل کو چپ سی لگ گٸی اس غزل کا مطلع تھا

وہ میرے حال پر رویا بھی مسکریا بھی
عجیب شخص ہے اپنا بھی ہے پرایا بھی

یہ غزل آنس معین کی عمر کے تجربے سے بہت آگے کی تھی۔ ڈاکٹر وزیر آغا نے کہا کہ آنس یہ غزل ایک کاغذ پر لکھ کر مجھے دے دو۔ آنس معین گھبراظہار گٸے کہنے لگے کہ انکل کیا وزن میں کچھ گڑبڑ ہوگٸی ہے یا کوٸی مضمون صحیح طرح سے ادا نہیں ہوا ؟؟ ۔ انہوں نے کہا نہیں اب یہ غزل اوراق میں چھپے گی۔ یہ سن کر آنس خوش ہوگٸے اور اس طرح آنس معین کی شاعری کا آغاز ہوا ۔
کسی نے آنس معین کو عہد جدید کا ارسطو کہا تو کسی نے شیکسپیٸر کہا ، کسی نے کیٹس کہا تو کسی نے سقراط کہا ، کسی نے انہیں مصطفی زیدی اور شکیب جلالی کا معاصر قرار دیا۔ جوش ملیح آبادی ، فیض احمد فیض ، احمد ندیم قاسمی ، انور سدید اور وزیرآغا ۔ ان سب نے آنس معین کی فکر اور فن کو سراہا ہے۔ ان کے لب و لہجے سے بہت سے بڑے بڑے شعرا ٕ چونکے ہیں۔ ان کے لب و لہجے میں جو ندرت ہے وہ اتنے کم عمر شاعروں کی شاعری میں بہت کم نظر آتی ہے۔
آنس معین کی وفات کے بعد سولہ مٸی انیس سو چھیاسی کو آنس معین کے والد فخرالدین بلے نے ڈاکٹر وزیر آغا کے نام ایک خط لکھا ۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ جس روز یہ سانحہ ہوا وہ ملتان سے اسلام آباد گٸے ہوٸے تھے۔ آنس کی والدہ بھی کراچی میں تھیں گھر میں ان کے دو بھاٸی عارف اور ظفر تھے اور ایک بہن تھی ۔ عارف اور ظفر کا کہنا ہے کہ اس سانحے سے ایک روز قبل آنس معین ان کے ساتھ رات گٸے تک باتیں کرتے رہے اور ہنستے رہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ آنس کا اگلے روز کیا ارادہ ہے ؟ اور وہ کیا کرنے جارہے ہیں ۔ مرنے کے بعد ان کی جیب سے ایک برآمد ہوا جس سے یہ پتہ چلا کہ انہوں نے کتابِ زیست کا آخری ورق پڑھنے کی عجلت میں جان دیدی ۔ فخرالدین بلے نے اپنے خط میں یہ بھی تحریر کیا کہ المیہ یہ ہے کہ ہم ان کی شاعری کو ان کی تخلیقات کو اور ان کی باتوں کو صرف شاعری ہی سمجھتے رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر وزیر آغا وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے آنس معین کی سوچ کو غیرمعمولی اور ان کے اشعار کو چونکا دینے والا کہا تھا بلکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے ان کے بعض اشعار سے خوف آتا ہے ۔ آٸیے انس معین کی ایک غزل سنٸیے۔ کہتے ہیں

ہو جائے گی جب تم سے شناسائی ذرا اور

غزل ۔۔۔ آنس معین

ہو جائے گی جب تم سے شناسائی ذرا اور
بڑھ جائے گی شاید مری تنہائی ذرا اور

کیوں کھل گئے لوگوں پہ مری ذات کے اسرار
اے کاش کہ ہوتی مری گہرائی ذرا اور

پھر ہاتھ پہ زخموں کے نشاں گن نہ سکو گے
یہ الجھی ہوئی ڈور جو سلجھائی ذرا اور

تردید تو کر سکتا تھا پھیلے گی مگر بات
اس طور بھی ہوگی تری رسوائی ذرا اور

کیوں ترک تعلق بھی کیا لوٹ بھی آیا؟
اچھا تھا کہ ہوتا جو وہ ہرجائی ذرا اور

ہے دیپ تری یاد کا روشن ابھی دل میں
یہ خوف ہے لیکن جو ہوا آئی ذرا اور

لڑنا وہیں دشمن سے جہاں گھیر سکو تم
جیتو گے تبھی ہوگی جو پسپائی ذرا اور

بڑھ جائیں گے کچھ اور لہو بیچنے والے
ہو جائے اگر شہر میں مہنگائی ذرا اور

اک ڈوبتی دھڑکن کی صدا لوگ نہ سن لیں
کچھ دیر کو بجنے دو یہ شہنائی ذرا اور

. عہدِ جدید کا ، ارسطو ، سقراط ، شیکسپیئر اور مصطفی زیدی اور شکیب جلالی کا معاصر
چونکا دینے والے لہجے کے شاعر آنِس معین کے ادبی سفر کی داستان
تحریر و تحقیق : عارف توصیف

SHARE

LEAVE A REPLY