آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ساتویں مرتبہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا۔
لارڈز میں کھیلےگئے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان نیٹ برنٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر ناقابل شکست 58 رنز اسکور کیے، فریا کیمپ نے آخر میں تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر ناقابل شکست 44 رنز بنائے، جن میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کم گارتھ، لوسی ہیملٹن، سوفی اور اینابیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے 151 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کے جانب سے بیتھ مونی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 49 گیندوں پر 64 رنزبنائے، جب کہ فوبی لچفیلڈ 35 گیندوں پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا ساتویں بار ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فاتح بن گیا۔
…………………………….
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
اوول کے تاریخی گراؤنڈ پر کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ میں 5 وکٹ پر 169رنز اسکور کیے۔ کپتان نیٹ شائور برنٹ نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔
اُن کے علاوہ ہیدر نائٹ نے 58 رنز بنائے، ملابا اور شبنم اسماعیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم 8 وکٹ پر129رنز تک پہنچ سکی اور 40 رنز سے میچ ہار گئی۔ تزمین برٹز 51 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
یوں انگلینڈ ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایونٹ کے فائنل میں انگلینڈ ویمنز کا مقابلہ آسٹریلیا ویمنز سے اتوار5 جولائی کو ہوگا۔
…………………..
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی ٹیم ویسٹ انڈیز ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر
ویں بار فائنل میں پہنچ گئ
لندن میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کی جس نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 125رنز اسکور کیے۔
کپتان ہیلے میتھیوز نے 30 اور دیاندرا ڈوٹن نے 26 رنز بنائے۔ ایشلے گارڈنر، جارجیا ویئرہام اور سوفیا مولینکس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے 126 رنز کا ہدف با آسانی 13 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بیتھ مونی نے 61 رنز کی ناقابل شکست کھیلی۔ اُس کے علاوہ ایشلے گارڈنر نے بھی 35 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔
یوں آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر 8 ویں بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
لارڈز میں کھیلےگئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے 27 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ شفالی ورما نے 34 اور سمرتی مندھانا نے 38 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سوفی مولینکس نے 46 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں آسٹریلیا نے ہدف چار وکٹ پر 19 اوورز میں حاصل کرلیا ۔ ایلیسے پیری 56 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں، ایشلے گارڈنر نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے۔
اس شکست کے ساتھ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جب کہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا نے ٹاپ فور میں جگہ بنالی۔
آئی سی سی نے ورلڈکپ شیڈول میں بھارت کو فائدہ پہنچایا، سابق انگلش کرکٹرز کا الزام
ویمن ٹی 20 ورلڈکپ: آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیکر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا
اس سے قبل سابق انگلش کرکٹرز نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ آئی سی سی نے ویمن ورلڈکپ شیڈول میں بھارت کو فائدہ پہنچایا۔
انگلینڈکی سابق ویمن کرکٹر کیٹ کراس کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا کہنا ہے یہ براڈکاسٹ اور ٹائم زون کے حساب سے موزوں ہے، بھارت کو گارنٹی دی گئی تھی کہ وہ پہلا سیمی فائنل کھیلےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت کھیلتا ہے تو سب کچھ پہلے سے طےکیا جاتا ہے، یہ مضحکہ خیز ہےکہ گورننگ باڈی ایک ٹیم کو ترجیح دے۔
انگلینڈکی ایک اور سابق ویمن کرکٹر ایلکس ہارٹلی نے بھی الزام لگایا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی بھارت کو سیمی فائنل کھیلنےکی گارنٹی دی گئی تھی۔
……………….
دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہوگئی، انگلینڈ نے آخری گروپ میچ میں 9 وکٹ سے شکست دیدی۔
اوول کے تاریخی گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ میں 6 وکٹ پر 163 رنز اسکور کئے، کپتان میلی کیر نے 42 ، سوفی ڈیوائن نے 30 اور ایزا بیلا گیز نے 28 رنز اسکور کئے، ڈینی گبسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں.
جواب میں انگلینڈ ویمن نے ہدف اٹھارہویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، ڈینی ویٹ ہوج نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کھیلی، سوفیہ ڈنکلے نے 49 رنز اسکور کئے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 128رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
انگلینڈ کی اس جیت نے دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کو ایونٹ سے آؤٹ کردیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری میچ میں آئرلینڈ سے شکست کے باوجود سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرگئی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے نیدرلینڈ کو 37 رنز سے شکست دی، 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 126 رنز کی باری کھیلی، گلفروزہ نے 63 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر نے 32 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء اور عائشہ ظفر نے عمدہ بولنگ کی اور 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) نے پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی گل فیروزہ کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹر گل فیروز ہ کے خلاف آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق گل فیروزہ نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں لیول ون کی خلاف ورزی کی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گل فیروزہ نے آؤٹ ہونے کے بعد جارحانہ انداز میں ٹیم ڈگ آؤٹ کے قریب بیٹ اور گلوز پھینکے تھے۔
آئی سی سی کے مطابق گل فیروزہ نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے اور ان کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو 113 رنز سے ہر ایا تھا۔
آسٹریلوی ویمنز ٹیم کے 199 رنز کے جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 86 رنز بناکر آؤٹ ہوئی،۔
……………………..
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست ہوگئی، آسٹریلیا نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو 113 رنز سے ہر ادیا ۔
آسٹریلوی ویمنز ٹیم کے 199 رنز کے جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 86 رنز بناکر آؤٹ ہوئی،۔
لیڈز میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر 199 رنز بنائے ۔ ایلیسے پیری نے 71 اور جارجیا وال نے 39 رنز بنائے۔
پاکستان کی نشرہ سندھو، رامین شمیم اور سعدیہ اقبال نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان کی منیبہ علی کے علاوہ کوئی بیٹر ٹک کر نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 86 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
منیبہ نے 32 رنز بنائے۔ فاطمہ ثنا 17 رنز بناسکیں۔
یہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی مسلسل چوتھی شکست ہے۔
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک کامیابی سے محروم ہے اور وہ اپنا آخری میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو اور جنوبی افریقا نے انڈیا کو چھ وکٹ سے شکست دیدی۔
برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی ٹیم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈین ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا اور یوں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
میچ میں سری لنکا کی ٹیم بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے نیلاکشی ڈی سلوا 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے تین وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکن بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔
99 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے 16 اعشاریہ ایک اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرکے میچ اپنے نام کیا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹیفنی ٹیلر 27 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔
دن کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے انڈیا کو چھ وکٹ سے شکست دی، میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹ پر 158 رنز بنائے، شیفالی ورما نے 31 اور دیپتی شرما نے 29 رنز اسکور کئے جبکہ میریزین کیپ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقا نے 159 رنز کا ہدف پانچ گیندوں قبل حاصل کرلیا، جنوبی افریقا کی میریزین کیپ نے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ تیزمین برٹس نے 40 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جا رہے ہیں
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن ٹیم کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بنگلا دیش نے پاکستان کو 23 رنز سے ہرادیا۔
ساؤتھمپٹن میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فاطمہ ثنا نے اپنے پہلے اور اننگز کے دوسرے اوور میں پہلے دلارا اختر اور پھر شمیم اختر کی وکٹ لی۔ کچھ دیر بعد جویریہ فردوس بھی آؤٹ ہوگئیں۔
اس کے بعد نگار سلطانہ اور سوبھانا موستری نے اسکور 48 تک پہنچایا۔ سوبھانا 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ نگار سلطانہ نے 36 رنز اسکور کیے۔
بنگلا دیش ویمن کی شورنا اختر نے 22 گیندوں پر 39 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 123 تک پہنچایا۔
جواب میں پاکستان کو منیبہ علی اور گل فیروزہ نے 49 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم گل 23 اور منیبہ 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔
ایک موقع پر پاکستان کا اسکور دو وکٹ پر 70 رنز تھا لیکن یہاں سے پاکستان ٹیم نے 35 گیندوں پر 14 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دیں۔
پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 100 رنز ہی بناسکی اور یوں اسے 23 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلا دیش کی ناہیدہ اختر اور سنجیدہ اختر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرادیا۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 140رنز اسکور کئے، ایزی شارپ نے 36، بروک ہالیڈے نے 34 اور کپتان میلی کیر نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، اورلا اور کارا مرے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے جواب میں آئرش ٹیم کی بیٹرز اورلا اور گیبی لوئیس نے دوسری وکٹ پر 110رنز کی شراکت سے ٹیم کیلئے جیت کی راہ ہموار کی مگر ان دونوں کے اوپر تلے آؤٹ ہوتے ہی آئرش ٹیم اپنی منزل کھو بیٹھی۔
اورلا نے 59 اور گیبی لوئیس نے 58 رنز اسکور کئے، آخری اوور میں جیت کیلئے آئرلینڈ کو 15 رنز درکار تھے مگر وہ ہدف حاصل نہ کرسکیں اور 4 وکٹ پر 136 رنز ہی اسکور کیے۔
میلی کیر نے دو وکٹیں حاصل کیں اور آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن ٹیم کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایونٹ کے 11ویں میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستانی ویمن ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔
جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 127 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جنوبی افریقہ کی جانب سے اینری ڈیرکسن 52 اور نادین ڈی کلرک 37 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔
قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں پہلی فتح کی متلاشی ہوگی، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان میچ رات ساڑھے دس بجے کھیلا جائے گا۔
میگا ایونٹ میں آج دن کاپہلا میچ آسٹریلیا اوربنگلادیش کےدرمیان پاکستانی وقت کےمطابق دوپہرڈھائی بجےشروع ہوگا جبکہ شام ساڑھے6 بجےبھارت اور نیدرلینڈز آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے پاکستان ویمنز ٹیم کو ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر جرمانہ کردیا۔
آئی سی سی نے بھارت کے خلاف سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم کو میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور پیچھے رہی۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کرلی۔
خیال رہےکہ اتوار کو برمنگھم میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ 1 کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دی تھی۔
بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 170 رنز بنائے تھے۔ 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شیمائن کیمبل کی شاندار 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹ سے شکست دے دی، ایونٹ کے میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں پہلے نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کی جس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 162رنز اسکور کئے۔
بروک ہالیڈے نے 40، ایسا بیلا گیز نے 39رنز کی اننگز کھیلیں، الیا ایلین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز ویمن نے ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا، شیمائن کیمبل نے ذمے دارانہ اندا ز میں بیٹنگ کی اور ناٹ آؤٹ رہتےہوئے 90 رنز کی باری کھیل کر ٹیم کو سات وکٹ سے میچ جتوادیا۔
ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
……………………..
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے دی۔
171 رنز کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
برمنگھم میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ 1 کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت نے پہلےکھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 170 رنز بنائے۔ بھارت کی سمرتی مندانا نے 68 رنز کی اننگز کھیلی، ہرمن پریت کور 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، رچا گھوش نے 17 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو اوپنرز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے38 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم 12 رنز بنا کر گل فیروزہ آؤٹ ہوگئیں۔
اس کے بعد گرین شرٹس مومنٹم برقرار نہ رکھ سکیں اور وکٹیں مسلسل گرتی رہیں، پاکستان کی 6 بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکیں۔ 17 ویں اوور میں پاکستان ویمنز 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گرین شرٹس کی جانب سے منیبہ علی 41 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ بھارت کی دیپتی شرما نے چار اوورز میں 10 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں۔
آج بھی دوران ٹاس بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا اور ٹاس جیتنے کے بعد انٹرویو دےکر ڈریسنگ روم روانہ ہوگئیں۔
جیوسوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو ویمنز ورلڈکپ کے تمام میچز براہ راست نشر کر رہے ہیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 کے پہلے میچ میں بھارت نے 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 104رنز بنا لیے ہیں۔ اوپنر سمرتی مندانا نے نصف سنچری مکمل کرلی۔
برمنگھم ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، بھارتی ویمنز ٹیم کی پہلی وکٹ 6رنز پر گری شیفالی ورما 6 رنز بناکر سعدیہ اقبال کا شکار ہوئیں۔
میچ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی دوسری وکٹ 18 کے اسکور پر گری، جمائیما روڈریگز 1 رن بنا کر تسمیہ رباب کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے فینز بڑی تعداد میں اپنے ٹیموں کی سپورٹ کیلئے اسٹیڈیم پہنچے، ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔
بھارتی کپتان ہرمَن پریت کور نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی لگ رہی ہے، اسی لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ ورلڈ کپ نے ہمیں اعتماد دیا ہے۔ ہماری توجہ اپنی منصوبہ بندی پر عمل کرنے پر ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتا تھا، بطور ٹیم ہم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہمارے پاس مضبوط بولنگ یونٹ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دیتی ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھا کمبی نیشن ہے اور ایک سخت مقابلے کی توقع ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے آئرلینڈ کو40 رنز سے شکست دیدی۔
ایونٹ کے میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔
مانچسٹر میں اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 161 رنز بنائے، کپتان کیتھرین برائس 60 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں، ساراہ برائس نے 49 رنز بنائے ۔
آئرلینڈ کی اینا کیننگ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں آئرش ٹیم ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہی اور 19 عشاریہ 1 اوور میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ایمی ہنٹر نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کرسٹی گورڈون اور کیتھرین فریزر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شیمائن کیمبل کی شاندار 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹ سے شکست دے دی، ایونٹ کے میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں پہلے نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کی جس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 162رنز اسکور کئے۔
بروک ہالیڈے نے 40، ایسا بیلا گیز نے 39رنز کی اننگز کھیلیں، الیا ایلین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز ویمن نے ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا، شیمائن کیمبل نے ذمے دارانہ اندا ز میں بیٹنگ کی اور ناٹ آؤٹ رہتےہوئے 90 رنز کی باری کھیل کر ٹیم کو سات وکٹ سے میچ جتوادیا۔
ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
…………………
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دے دی ہے۔ میچ میں انگلینڈ نے پہلےبیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 219رنز اسکور کیے، جواب میں سری لنکن ویمنز ٹیم 132رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی،
اوپنر ایمی جونز اور ڈینی وائٹ ہوج نے شاندار 135 رنز کی بُنیاد رکھی، ایمی جونز 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ دوسری وکٹ پر ڈینی وائٹ اور کپتان نیٹ شیور برنٹ نے حریف بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور میدان کے چاروں جانب اسٹروکس کھیلے۔
خاص طور پر ڈینی وائٹ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 61 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ وہ 62 گیندوں کا سامنا کرنے کےبعد 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 105رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، نیٹ شیور نے 46رنز بنائے۔ انگلینڈ کا سکور مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ پر 219رنز رہا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ویمنز ٹیم کی بیٹرز وقفے وقفے سے پویلین جاتی رہیں اور ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 132رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
نیلاک شیکا سلو ا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے فریا کیمپ نے 4 ، سوفی ایکلسٹیون اور چارلی ڈین نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔












