کراچی میں دھوم مچانے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کا میلہ لاہور میں سجنے کو تیار ہے، 10 فروری سے شروع ہونے والے سنسنی خیز مقابلوں کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پی ایس ایل سیون کا دوسرا مرحلہ جمعرات 10 فروری سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔
اب 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم میں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوگی اور کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔
محکمہ اسپورٹس پنجاب کے تعاون سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 20 بیڈز پر مشتمل عارضی اسپتال قائم کر دیا گیا، مختلف قسم کے ٹیسٹوں کی سہولت کے علاوہ میڈیسن بھی دستیاب ہوں گی۔
پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بنادیا گیا ہے۔
ڈی جی اسپورٹس پنجاب جاوید چوہان کا کہنا ہے کہ 472 کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کنٹرول روم میں تمام اداروں کے فوکل پرسن موجود ہوں گے۔
قذافی اسٹیڈیم اور ہوٹل کے راستوں میں صفائی اور لائٹنگ کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
حکومت نے 10سے 15 فروری تک 50 فیصد گنجائش کیساتھ ویکسینیٹڈ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی ہے جبکہ 16 سے 27 فروری تک 100 فیصد گنجائش کے ساتھ ویکسینیٹڈ تماشائی میچ دیکھ سکیں گے، 12 سال سے کم عمر کے بچے بھی میچ دیکھ سکیں گے۔












