امريکی ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہيں ملکی اٹارنی جنرل پر مکمل بھروسہ ہے اور يہ کہ انہيں روسی سفير سيرگئی کِسلياک اور جيف سيشنز کے مابين رابطوں کے بارے ميں کوئی علم نہيں تھا۔ انہوں نے سيشنز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ايک ايماندار شخص ہيں۔
ٹرمپ نے ڈيموکريٹ سياست دانوں پر تنقيد کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقيقت کی سمجھ بوجھ کھو بيٹھے ہيں۔ امريکی اٹارنی جنرل جيف سيشنز نے جمعرات کو ايک پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صدارتی اليکشن کی انتخابی مہم کے دوران ان کے روسی سفارت کاروں کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے ہونے والی تفتيش ميں اپنا دفاع کريں گے۔ جيف سيشنز کی صفائی کے باوجود کئی سينئر ڈيموکريٹ سياست دانوں نے ان پر ’غلط بيانی‘ سے کام لينے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کيا ہے۔












