وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کو اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لیکن اگست اور ستمبر کے اوائل میں صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر کرونا وائرس کی صورتِ حال قابو میں رہی تو 15 ستمبر کو ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔
ان کے بقول ‘ایس او پیز’ کے تحت تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔ اس ضمن میں مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ کچھ تجاویز یہ ہیں کہ ایک دن اسکول کھولے جائیں اور ایک دن چھٹی ہو تاہم ابھی دو ماہ ہیں اس کا حتمی فیصلہ اس دوران کر لیا جائے گا۔













