وزیراعظم عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے علی رضا عابدی کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل کراچی، صوبے اور ملک میں امن و امان خراب کرنے کی سازش ہے۔ علی رضا عابدی کے اصل قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ طلب کرلی
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو شہر میں امن و امان بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ خصوصی ٹیم تشکیل دے کر قاتل گرفتار کیے جائیں اور رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ یہ کون لوگ ہیں جو شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خوش گفتار اور اپنا نکتہ نظر دلیل اور تہذیب سے پیش کرنے والے فرد تھے۔

مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ علی رضا عابدی کے قتل کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

مصطفیٰ کمال نے قتل کو بہت بڑا سانحہ قرار دیدیا
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے علی رضا عابدی کے قتل کو بہت بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دوبارہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

آئی جی سندھ نے رپورٹ طلب کرلی
دوسری جانب آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس سے قبل آج کراچی کے علاقے خیابان اتحاد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے سابق رہنما علی رضا عابدی شدید جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سابق ایم این اے علی رضا عابدی خیابان اتحاد میں اپنے گھر کے پاس ہی موجود تھے جب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

علی رضا عابدی خود گاڑی چلارہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم موٹرسائیکل سوار پیچھے سے آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علی رضا عابدی کے گھر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کردی۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ گھر داخل ہونے والے تھے۔ واقعہ ٹارگٹڈ کارروائی لگتا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY