اسرائیلی پولیس نے فلسطینی حملہ آور کو ہلاک کر دیا

0
766

اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے ہفتے کے روز ایک فلسطینی شخص کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب اس نے تین افراد کو چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا تھا۔

یہ واقعہ یروشلم کے پرانے شہر میں پیش آیا۔

اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا سامری نے کہا ہے پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے شخص نے دو یہودیوں پر چاقو کے وار کیے اور فرار ہوگیا۔ پھر کچھ ہی دیر کے بعد اس نے ایک سرحدی محافظ کو چاقو گھونپ دیا۔ جس کے بعد پولیس نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والے دونوں یہودیوں کو معمولی زخم آئے ہیں جب کہ تیسرا شخص شدید زخمی ہوا ہے۔

اس واقعے کے بعد علاقے میں تشدد پھوٹ پڑا جس دوران فلسطینیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے سٹن گرینیڈز استعمال کیے۔

یروشلم میں داخلے کے مرکزی دروازے دمشق گیٹ پر چند روز کے دوران رونما ہونے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے بدھ کے روز پولیس نے اس وقت ایک عورت کو گولی مار کر ہلاک کر دیاتھا جب اس نے قینچی سے ایک پولیس اہل کار پر حملہ کیا تھا۔

ستمبر 2015 کے بعد سے جب فلسطینوں نے 41 اسرائیلیوں اور دوامریکی سیاحوں کو ہلاک کر دیا تھا، فلسطینیوں اور اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیلی فورسز اس عرصے کے دوران کم ازکم 241 فلسطینیوں کو ہلاک کر چکی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY