بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ روس کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات پر یوکرینی صدر زیلینسکی پھٹ پڑے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں نام لیے بغیر نریندر مودی پر تنقید کی۔
اپنے بیان کی ابتدا میں یوکرینی صدر نے کہا کہ آج روسی میزائل حملے کے نتیجے میں یوکرین میں 37 افراد ہلاک ہوئے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 170 افراد زخمی بھی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ روسی میزائیل یوکرین میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال پر آکر لگا جہاں کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جارہا تھا۔
اس کے بعد یوکرینی صدر نے کہا کہ ’ایک ایسے دن میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے سربراہ کو ماسکو میں دنیا کے سب سے خونی مجرم کو گلے لگاتے دیکھنا بہت مایوس کن ہے اور یہ امن کی کوششوں کے لیے ایک دہچکا ہے‘۔













