شام پرامریکی کارروائی کے بعد روس کا سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

0
230

شام پر امریکی کارروائی کے بعد روس نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ روسی میڈیا کے مطابق روس شام میں امریکا کے ساتھ تعاون بھی روک سکتا ہے۔دوسری جانب سعودی عرب نے شام میں امریکی فضائی کارروائی کی مکمل حمایت کردی۔

روسی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے ارکان پارلیمنٹ نے شام میں امریکی فضائی کارروائی کو سیاسی دہرا معیار قرار دےدیا ہے۔ روسی دفاعی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ شام میں امریکی فضائی حملہ دہشت گردی کے خلاف مقابلے کی کوششوں کو کمزور کرسکتا ہے ۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے شام میں امریکی فضائی کارروائی پر مکمل حمایت کا اظہار کیا ہےجبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ فضائی کارروائی کے ذریعےامریکا کے شام کو دیئے گئے واضح پیغام کی حمایت کرتے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے بھی شام میں امریکی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے

شام نے ائیر بیس پر امریکی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ’جارحیت‘ قرار دیا ہے۔شامی حکام کے مطابق حکومت کے زیر کنٹرول ایئر بیس پر ہونے والا حملہ ’بھاری نقصان‘ کا سبب بنا۔حملے میں چار فوجی اہلکار ہلاک ہو ئے ہیں۔

امریکی حملے پر رد عمل دیتے ہوئے شام کے صوبے حمص کے گورنر کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ’زمین پر موجود دہشت گردوں کی حمایت ہے‘،ان کا مزید کہنا ہے کہ حملوں کے بعد ایئر بیس پر لگنے والی آگ 2 گھنٹے تک بھڑکتی رہی جس کے بعد اس پر قابو پایا گیا۔ مانیٹرنگ گروپ کے مطابق امریکی حملے سے شامی فضائی بیس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

دوسری جانب شامی حزب اختلاف گروہ نے امریکی حملے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے شام میں جاری حکومتی بے خوفی کے خاتمے کی نوید قرار دیا ہے۔

واضح رہے امریکا نے شام کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 59 میزائل فائر کیے تھے

SHARE

LEAVE A REPLY