آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ میں فائرنگ سے دو پولیس افسران سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے کے محرکات سامنے نہیں آسکے۔
حکام نے منگل کو بتایا کہ دو نوجوان پولیس افسران سمیت چھ افراد کو آسٹریلیا کے دیہی علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، پولیس افسران ایک شخص کے لاپتا ہونے کی اطلاع پر تحقیقات کے لیے پہنچنے تھے۔
حکام نے بتایا کہ کم از کم دو بھاری ہتھیاروں سے لیس شوٹروں نے ویامبیلا میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جس میں دو اہلکار شدید زخمی ہوئے اور جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے، فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی مارا گیا۔
کوئنز لینڈ کی پولیس کمشنر کیٹرینا کیرول کے مطابق پولیس مقابلے ایک تیسرے افسر کو گولی لگ گئی جبکہ ایک اہلکار جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک معجزہ تھا کہ دو افسران بچ گئے۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں آپریشن شروع کردیا اور طویل محاصرے کے بعد پولیس نے تین مسلح ملزمان کو ہلاک کردیا ہے۔
آپریشن کے دوران قریبی آبادیوں کے لوگوں کوگھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی اور علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، گاڑیوں کو بھی اس طرف آنے سے روک دیا گیا۔












