ایسٹر ۔ یہ تہوار مسیحی عقیدے کے گرد گھومتا ہے

0
147

حضرت عیسیٰ کو گڈ فرائیڈے کے روز مصلوب کیا گیا تھا اور اس کے تیسرے روز یعنی ایسٹر سنڈے کے دن یروشلم میں ان کے دوبارہ زندہ اٹھنے کا معجزہ رونما ہوا تھا۔

ایسٹر کو کرسمس سے زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ تہوار مسیحی عقیدے کے گرد گھومتا ہے، یعنی حضرت عیسٰی نے انسانیت کے لیے صلیب پر چڑھ کر اپنی جان دے دی تھی۔ اسی وجہ سے گڈ فرائیڈے کے دن صلیب کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔

ایسٹر کے تہوار میں غم اور خوشی دونوں ہی پہلو پوشیدہ ہیں۔ گڈ فرائیڈے کے روز نہ صرف دکانیں بند ہوتی ہیں بلکہ ریستوران اور دیگر تفریحی مقامات بھی بند ہوتے ہیں اور ہر طرف سناٹا چھایا ہوتا ہے۔ ایسٹر بھی کرسمس کی طرح گھر کے اندر منایا جانے والا تہوار ہے۔ لیکن ایسٹر کے موقع پر امن پسند اور حکومتی پالیسیوں کے ناقدین پوری دنیا میں جلسے جلوس بھی نکالتے ہیں۔

جرمنی میں1960ء سے ایسٹر کے موقع پر امن پسند حلقے، بنیادی حقوق کے لیے سرگرم شہری اور ناقدین جلوس نکالتے ہیں۔ دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے نکالے والے ان جلوسوں میں ہر بار کسی نہ کسی ایک پہلو کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

جرمنی میں اپنی نوعیت کے ان انوکھے جلوسوں کی ابتدا جرمن چانسلرکونراڈ آڈےناؤئر کے دور میں ہوئی تھی۔ آڈےناؤئر نے عسکری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے جوہری توانائی کو لازمی قرار دیا تھا۔ ان کے اس بیان پر امن پسندوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا، جنہوں نے برطانیہ ہی کی طرز پر پورے ملک میں مظاہرے شروع کر دیے تھے۔

ایسٹر آتے ہی ہر جگہ رنگے برنگے انڈے دکھائی دینے لگتے ہیں۔ بازاروں میں انڈوں اور خرگوش کی شکل والی چاکلیٹس فروخت ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ گھروں میں باقاعدہ تقریبات منعقد ہوتی ہیں، جن میں تمام گھر والے مل کر ابالے ہوئے انڈوں کو رنگتے ہیں۔ ایسٹر سنڈے کے دن گھروں میں مختلف مقامات پر انڈے چھپا دیے جاتے ہیں اور پھر بچے انہیں ڈھونڈتے ہیں۔ انڈوں اور خرگوشوں کو اس تہوار میں خاص اہمیت اس لیے دی جاتی ہےکیونکہ یہ زرخیزی اور افزائش نسل کی ایک علامت سجھے جاتے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY