افغانستان کے کئی متصادم گروپ اور مخالف دھڑے گزشتہ روز سے قطر کے دارالحکومت دوحہ ميں جمع ہيں۔ اس ملاقات کا مقصد اٹھارہ سالہ جنگ کا خاتمہ، جنگ بندی کا حصول اور ملک ميں عورتوں اور اقليتوں کے حقوق کے بارے ميں کسی اتفاق رائے تک پہنچنا ہے۔ دوحہ ميں تقريباً ستر افغان مندوبين کے مابين ہونے والی يہ ملاقات اتوار کو شروع ہوئی اور آج پير کو بھی جاری ہے۔ تاہم ملاقات ميں پيش رفت کے بارے ميں فی الحال کوئی تفصيلات سامنے نہيں آئی ہيں۔ اس ملاقات کے انعقاد ميں قطر اور جرمنی کا بڑا ہاتھ ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے ليے خصوصی جرمن مندوب مارکوس پوٹسل نے بات چيت کا افتتاح کيا اور شرکاء سے کہا کہ ان کے پاس ملک ميں قيام امن کا یہ بہترين موقع ہے۔












