وبا کے سائے میں تہوار; اس بار کرسمس کا تحفہ کرونا ویکسین کا بوسٹر شاٹ

0
1731

کرسمس پر گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی وبا نے خوشیوں کو محدود کر دیا ہے اور اومیکرون ویریئنٹ کے سامنے آنے کے بعد دنیا بھر وبا کی پابندیوں کے ساتھ یہ تہوار منایا گیا۔

کرونا کا نیا ویریئنٹ سامنے آنے کے بعد کئی ممالک میں مسلسل دوسرے سال کرسمس کی روائتی تقریبات منعقد نہیں ہو سکیں گی۔

اسرائیل میں روایتی تقریب
اسرائیل کے شہر بیت اللحم میں مسیحیوں کے اعتقاد کے مطابق مسیح کی جائے ولادت پر اس سال بھی غیر ملکی جمع نہیں ہو سکیں گے۔

گزشتہ برس اسرائیل نے وبا کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا اور اس بار بھی اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں۔

گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی بیت اللحم میں کرسمس کی تقریب محدود پیمانے پر ہی منعقد ہوگی جس میں صرف وہی افراد شرکت کرسکیں گے جنہیں دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔یورپ میں بھی کئی ممالک میں حفاظتی تدابیر کے تحت کیے گئے اقدامات کی وجہ سے کرسمس کی روائتی رنگا رنگی نہیں دیکھی جاسکے گی۔

نیدرلینڈ میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جب کہ اسپین اور اٹلی میں باہر نکلتے ہوئے ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ برطانیہ میں ایک بار پھر جمعرات کو بڑی تعداد میں کرونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیرِ اعظم بورس جونسن کا کہنا ہے کہ وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی وجہ سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوانا رشتے داروں کے لیے کرسمس کا بہترین گفٹ ہوگا۔

………………………

دنیا بھر میں مسیحی آج پچیس دسمبر کو کرسمس کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ شہر شہر کرسمس ٹریز روشن ہیں۔ بازاروں اور گرجا گھروں کو رنگ برنگے قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

پوپ فرانسس نے اٹلی میں کرونا وائرس کی نئی قسم آمیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود کرسمس کی شام ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں دو ہزار افراد کے اجتماع ‘کرسمس ایو ماس’ میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ویٹیکن نے اپنے تمام ملازمین کے لئے کووڈ 19 کی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا تھا۔ تاہم سینٹ پیٹرز چرچ میں ہونے والے مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے والوں پر ماسک پہننے کی پابندی کرنا لازمی تھا۔

پوپ فرانسس سسٹین چیپل میں نمودار ہوئے تو گرجا گھر کا کوائرگروپ وہ گیت گا رہا تھا، جو بیت الحم میں عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کی یاد میں، ویٹیکن میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز تھا۔

پوپ فرانسس نے اس موقعے پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یسوع مسیح کے ماننے والوں کو ان کی انکساری کو یاد رکھنا چاہئیے اور یہ بھی کہ وہ دنیا میں آئے تو غربت اور کسمپرسی کی حالت میں۔ پوپ فرانسس نے کہا، ” خدا کو عاجزی میں تلاش کیجئے۔ یہی یسوع مسیح کا پیغام ہے۔ خدا کروفر میں نہیں بلکہ انکساری میں ملتا ہے۔ عاجزی ہی وہ راستہ ہے جو انہوں نے اختیار کیا جو انہیں ہمارے قریب لے آیا، جس نے ہمارے دلوں کو چھو لیا، جس نے ہماری حفاظت کی اور ہمیں اس سے قریب تر کیا، جو اصل حقیقت ہے۔”

واضح رہے کہ اس موقعے پر سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں لگ بھگ 2,000 افراد موجود تھے۔ جبکہ 2020 میں کرسمس پر اٹلی میں مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے صرف 200لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں بیک وقت 20,000 ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے۔ کووڈ19 کی وبا سے پہلے یہ کرسمس سے ایک روز پہلے کی سب سے بڑی تقریب رہی ہے اور بیسلیکا چرچ لوگوں سے بھرا ہوتا تھا۔

نصف شب کا یہ اجتماع شام ساڑھے سات بجے ہی شروع ہو گیا جبکہ ایک سال پہلے یہ اجتماع اٹلی بھر میں کووڈ19کے کرفیو سے پہلے ختم کرنا پڑا تھا۔

برطانیہ میں کرسمس کی رونق عروج پر ہے۔ بازاروں اور سڑکوں پرکرونا کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد جشن منا رہی ہے۔ امریکا اور یورپ میں بھی کرسمس کا تہوار جوش و خروش سے کرونا کے سائے میں منایا جا رہا ہے۔ سانتا کلاز بچوں میں تحائف تقسیم کر رہے ہیں جبکہ گھروں میں کھانے پینے کا بھی خاص انتظام کیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں مسلمان کمیونٹی بھی مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہے۔

فن لینڈ میں سانتا کلاز خوشیاں بکھیرنے کیلئے سفر پر نکل پڑے ہیں۔سانتا کلاز اپنے سفر کے دوران چھوٹے بچوں اور ناداروں میں تحائف تقسیم کریں گے۔

امریکی صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں آخری کرسمس منارہے ہیں۔

دنیا بھر کی طرح مسیحی برادری پاکستان میں بھی کرسمس کا تہوار منا رہی ہے اور دعائیہ تقریبات میں ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں کرسمس ٹری، اسنومین، برف سے ڈھکےگھر اور ماسک پہنے سانتا کلاز وہاں آنے والوں کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔

لاہور کے گرجا گھروں میں رات گئے دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کی دعائیں مانگی گئیں، اس موقع پرکیتھڈرل چرچ کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری کرسمس مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے اور مختلف آبادیوں اور گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

حیدرآباد میں بھی گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور سانتا کلاز بچوں میں تحائف تقسیم کر رہے ہیں۔

سخت سردی کے باوجود کوئٹہ کے گرجا گھروں میں کرسمس کی روایتی تقریب منعقد ہوئیں اور خواتین و حضرات نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY