پی ٹی آئی کا نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان

0
983

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ’پاناما لیکس کے فیصلے کے مطابق نیب کا سربراہ تفتیش کرنے میں ناکام رہا، اس لیے ہم ‏آرٹیکل 209 کے تحت چیئرمین نیب کی برطرفی کے لیے ریفرنس دائر کرنے جارہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کی کرپشن کی کہانی پرانی ہے، فیصلے کا پیرا نمبر تین جے آئی ٹی کے قیام سے متعلق ہے تاہم دیکھنا ہوگا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کا جائزہ موجودہ بینچ لے گا یا نیا بینچ۔‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آنے کے بعد وزیر اعظم کی نااہلی کا فیصلہ کیا جائے گا، نوازشریف جے آئی ٹی کے سامنے اپنے بچوں سمیت بحیثیت ملزم پیش ہوں گے تاہم کیا نیا بینچ نااہلی کا فیصلہ کرے گا یا یہی بینچ یہ وضاحت ضروری ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے شاید سپریم کورٹ کے فیصلے کا ٹھیک سے مطالعہ نہیں کیا، سپریم کورٹ نے فیصلے کا آغاز مشہور ناول گاڈ فادر سے کیا، عدالت نے کہا کہ قطری خط مختلف کہانی بتاتا ہے، سپریم کورٹ کے ججز نے فیصلے میں مسلم لیگ (ن) کے ترجمانوں کا بھی ذکر کیا کہ لیگی ترجمانوں نے صرف ٹی وی کی حد تک ثبوت فراہم کیے، جبکہ انٹرویوز میں نواز شریف کے بچوں کے موقف میں تضاد کا ذکر بھی فیصلے میں موجود ہے۔‘

اس موقع پر رہنما تحریک انصاف مراد سعید نے کہا کہ ’عدالت نے موٹو گینگ کو بے نقاب کردیا اور آج پوری قوم کہہ رہی ہے کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ’تحریک انصاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے جا رہی ہے، 28 اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ سے شروعات کریں گے، جبکہ سرگودھا اور نوشہرہ کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی جلسے کریں گے۔‘

SHARE

LEAVE A REPLY