پی ٹی آئی نے دباؤبڑھانے کی خاطر اپوزیشن جماعتوں کا ‘گرینڈ الائنس’ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کرے گا تاکہ جے آئی ٹی بغیر کسی دباؤ کے ان کی اور ان کے خاندان کے افراد کی تفتیش کرسکے۔

پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید پیر اس سلسلے میں پیر کوہونے والی اسمبلی کی کارروائی کے بعد پی پی پی، پاکستان مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے، اس مطالبے کو مضبوط کرنے کے لیے انھوں نے حکمت عملی بنانے پر زور دیا۔

اپوزیشن رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاناما کیس کے حوالے سے عدالت کے فیصلے کو قبول کرلیا ہے لیکن یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ وزیراعظم کی موجودگی میں ماتحت افسران تفتیش کیسے کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے استعفے کے لیے مشترکہ قرار داد پیش کریں گی۔

SHARE

LEAVE A REPLY