محتسب اعلیٰ سندھ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔
محتسب اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق نے مونس علوی پر25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
محتسب اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک پر خاتون کو ہراساں کرنےکا الزام ثابت ہوتا ہے، سی ای او کے الیکٹرک ایک ماہ میں جرمانے کی رقم ادا کریں۔
جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک نے شکایت کنندہ کو ہراساں کیا اور ذہنی اذیت دی، مونس علوی جرمانے ادا نہ کریں تو منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے۔
محتسب اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مونس علوی جرمانہ ادا نہ کریں تو ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیا جائے۔
مونس علوی کا ردعمل
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مونس علوی نے کہا کہ پیشہ ورانہ تعلقات میں ہمیشہ دیانتداری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ہے، حالیہ فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے، قانونی عمل اور اس کو برقرار رکھنے والے اداروں کا احترام کرتا ہوں۔
سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ نتائج میری تجربہ کردہ صورتحال کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے، قانونی مشیر کے ساتھ اس فیصلے کا جائزہ لے رہا ہوں، اپیل کرنے کے اپنے حق کا استعمال کروں گا۔
مونس علوی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی حمایت کے لیے شکر گزار ہوں، انصاف اور کام کی جگہ کے وقار کے اصولوں کے لیے میرا احترام غیر متزلزل ہے۔












