امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کو انتہائی خفیہ معلومات مہیا کی ہیں۔
اخبار نے یہ بات باوثوق لیکن نامعلوم خفیہ ذرائع کے حوالے سے پیر کی شام لکھی، جس کی وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے سختی سے تردید کی ہے۔ اخبار کے مطابق ان معلومات کا تعلق دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے ہے اور یہ امریکا کے مشرق وسطیٰ میں انتہائی خفیہ ذرائع سے واشنگٹن حکومت کو ملی تھیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ نے روسی وزیر خارجہ کو ان معلومات سے متعلق پیشکش دس مئی کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات میں کی۔
اس کے برعکس وائٹ ہاؤس کے کئی اعلیٰ اہلکاروں اور امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر میک ماسٹر نے بھی، جو ٹرمپ کی لاوروف کے ساتھ ملاقات میں بھی موجود تھے، واشنگٹن پوسٹ کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔













