امریکا نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی عوام صدارتی انتخابات میں “آزادانہ اور منصفانہ انتخابی عمل” میں حصہ لینے سے محروم ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔
ایرانی صدارتی انتخابات میں سخت گیر قدامت پسند ابراہیم رئیسی کی فتح کے بارے میں واشنگٹن کی طرف سے جاری کردہ پہلے تبصرے میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ “ایرانی باشندے آزادانہ اور منصفانہ انتخابی عمل میں اپنے قائدین کے انتخاب کے حق سے محروم ہیں۔ “
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا ایرانی جوہری پروگرام پر بات چیت جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب ایرانی حزب اختلاف کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جُمعہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ بہت کم یعنی صرف 10 فی صد رہا جبکہ ایرانی وزارت داخلہ نے اس کے برعکس ٹرن آؤٹ کا دعوی کیا ہے۔
ہفتے کے روز ایرانی وزیرداخلہ عبد الرضا رحمانی فضلی نے اعلان کیا کہ صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی نے 17.8 ملین ووٹوں کے ساتھ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رئیسی نے 61.95 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 28.9 ملین افراد نے انتخابات میں ووٹ دیا اور مجموعی ٹرن آؤٹ یا 48.8فی صد رہا۔
………………………………..
ایران میں تیرہویں صدارتی انتخابات میں قدامت پسند امیدوار ابراہیم رئیسی کامیاب ہوگئے، انہیں واضح برتری حاصل ہے۔
ایرانی وزارتِ داخلہ کے مطابق اب تک 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے، انتخابات میں 28 اعشاریہ 6 ملین افراد نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
ایرانی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی نے 17 اعشاریہ 8 ملین ووٹ حاصل کیئے ہیں، محسن رضائی نے 3.3 ملین ووٹ حاصل کیئے۔
امیر حسین غازی زادے نے 1 ملین سے زیادہ ووٹ حاصل کیئے ہیں، جبکہ عبدالناصر ہمتی نے 2 اعشاریہ 4 ملین ووٹ حاصل کیئے ہیں۔
ایرانی صدارتی دوڑ میں شامل 4 امیداروں میں سے 3 امیدواروں نے قدامت پسند امیدوار ابراہیم رئیسی کو جیت کی مبارک باد دے دی ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی بغیر نام لیئے جیتنے والے امیدوار کو مبارک باد پیش کر دی۔
ایران کے واحد اصلاح پسند صدارتی امیدوار عبدالناصر ہمتی نے قدامت پسند امید وار ابراہیم رئیسی کو پیغام میں جیت کی مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ان کی حکومت قوم کے لیے سکون اور خوش حالی لائے گی۔
دیگر 2 صدارتی امیدواروں محسن رضائی اور امیر حسین غازی زادے ہاشمی نے بھی ابراہیم رئیسی کو مبارک باد ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کےحل کے لیے ابراہیم رئیسی مضبوط اور مقبول حکومت بنائیں گے۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی متوقع صدر کو جیتنے کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ واضح ہے کہ سب سے زیادہ ووٹ کس نے حاصل کیئے ہیں۔
ایران میں تیرہویں صدارتی انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان آج شام تک متوقع ہے۔













