پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اتنا کچھ ہوا، ایک تصویر لیک ہونے پر ن لیگ نے ہنگامہ کردیا، ہمیں پھانسیوں پر چڑھا دیا گیا میاں صاحب آپ کی تو انگلی بھی نہیں کٹی۔

یہ بات انہوں نے لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کے کارکنوں کی جانب سے اپنے دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ اعتزاز احسن،قمر زمان کائرہ،منظور وٹو اور دیگر رہنما موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے کبھی ریلیف نہیں ملا، میاں صاحب کو 40 سوٹ کیسوں کے ساتھ بھیجا گیا، آپ کے بھائی نے 5 سال تک اسٹے آرڈر پر پنجاب پر حکومت کی،ایک تصویر کیا لیک ہو گئی آسمان سر پر اٹھا لیا گیا، گریڈ 18 کے افسر ایک وزیر اعظم سے کیا اور کیسے سوال کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے جھوٹے مقدمات پر بے نظیر کو عدالتوں میں گھسیٹا تھا، 2 بار وزیر اعظم رہنے والی خاتون اپنے شوہر سے ملاقات کے لیے جیل میں کئی گھنٹے انتظار کرتی تھی، سی آئی اے صدر کراچی میں آصف زرداری کی زبان کاٹی گئی، ہمیں پھانسیوں پر چڑھایا گیا آپ کی تو ایک انگلی بھی نہیں کٹی۔

بلاول نے کہا کہ پہلی بار احتساب مانگا جا رہا ہے تو دھمکیاں اور گالیاں دے رہے ہیں، ہم ملکی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں،آپ وزیر اعظم رہتے ہو یا نہیں ہمیں اس کی کوئی پروا نہیں لیکن سسٹم کو ڈی ریل اور اداروں کی تذلیل نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیہات میں لوگ بجلی کو ترس گئے، ملک میں بجلی، پانی اور گیس نہیں، غربت، مہنگائی، بےروزگاری اور بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوا ہے ،میاں صاحب آپ کی پالیسیوں نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔

انہوں نے مزید تنقید کی کہ ہماری کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، عالم اسلام میں ہماری کوئی حیثیت نہیں رہی،ہم نے اداروں کی آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں لیکن میاں صاحب کی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے

SHARE

LEAVE A REPLY