اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے شمالی حصے میں اپنی کارروائیوں کے دوران، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق کم از کم 27 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ جب کہ تازہ کارروائی میں مجموعی طور پر 30 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ تلکرم کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی حملہ کیا گیا، جس کے بارے میں اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک 15 سالہ فلسطینی لڑکا ہلاک ہو گیا۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں جہاں اسرائیلی فورسز ایک ہفتے سے کارروائیاں کر رہی ہیں، بدھ کے روز سے اب تک 30 افراد ہلاک اور 130 کے لگ بھگ زخمی ہو چکے ہیں۔
مغربی کنارے کے شمالی حصے میں جہاں اسرائیل دہشت گردی کی روک تھام کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، فوج کی توجہ جنین پر مرکوز ہے، جہاں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق بدھ سے اب تک کم ازکم 18 افراد مارے جا چکے ہیں۔













