چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے۔ یہ جیت پاکستان کی کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائے گی لیکن اس کے لیے تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔
سرفراز احمد نے کراچی میں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔ سرفراز احمد اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔
سرفراز احمد کہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی۔ جب وہ کپتان بنے تو انہوں نے اپنے تجرے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بےخوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں











