جرمنی کے شہر وُوپرٹال میں منگل کے روز حکام نے ایک گیارہ منزلہ رہائشی عمارت کو ہنگامی بنیادوں پر خالی کرا لیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ان حقائق کا علم ہونے کے بعد کیا گیا کہ اس عمارت کی بیرونی سطح پر بھی وہی تعمیراتی مواد استعمال کیا گیا تھا، جو برطانوی دارالحکومت لندن میں گَرین فَیل ٹاور کے اطراف میں استعمال کیا گیا تھا۔
لندن کی اس چوبیس منزلہ رہائشی عمارت میں اسی مہینے آتشزدگی کے نتیجے میں قریب اسّی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ آگ اسی طرح کی انسولیشن کی وجہ سے بہت تیزی سے پھیلی تھی، جیسی جرمنی میں وُوپرٹال کی عمارت میں استعمال کی گئی ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق وُوپرٹال کی عمارت سے ایسے انسولیشن پینل اتارے جانے کے بعد لوگوں کو وہاں واپس اپنے گھروں میں جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔












