پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ شہریار خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر کو اگلے ماہ لاہور آنے کی دعوت دی ہے۔

شہریار خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے آئی سی سی کے اجلاس کے دوران چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو لاہور آنے کی دعوت دی،واضح رہے یہ اجلاس لندن میں ہوا تھا، جس میں چیئرمین بی سی بی نے بھی شرکت کی تھی، منوہر ششانک منوہر نے پاکستان آنے کے دعوت نامے پر غور اور دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ چیئرمین آئی سی سی نے اس بارے میں کوئی حتمہ فیصلہ نہیں کیا۔

شہریار خان کے قریبی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے بھارت کے بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ کے سابق صدر منوہر ششانک کو اس الودعی پارٹی میں مدعو کیا ہے جو ان کے اعزاز میں لاہور میں منعقد کی جائے گی ۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آخر میں پی سی بی کے اجلاس میں نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ شہریار خان اگست 2017 کے وسط تک اپنی 3سالہ مدت مکمل کرلیں گے۔

ذرائع کے مطابق منوہر ششانک کو لاہور مدعو کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ ستمبر میں پاکستان میں ہونے والے ورلڈ الیون ٹور کو حتمی شکل دی جائے، اس ٹور کو آئی سی سی کی مکمل معاونت حاصل ہے۔

پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سٹیھی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ لاہور میں ورلڈ الیون کی قیادت کون کرے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ورلڈ الیون ٹور کو پاکستان میں کرکٹ کے اچھے وقت کی شروعات کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس کو اتنی اہمیت دی جارہی ہے ۔

واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے کسی نامور ٹیسٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا گیا۔

شہریار خان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پی سی بی سری لنکن کرکٹ بورڈ کو قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ رواں برس اپنی ٹیم کو کچھ ٹی 20 میچ کھیلنے کے لیے لاہور بھیج دے جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئر لینڈ کی ٹیم کو بھی پاکستان مدعو کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی نے پہلے بھی کئی مرتبہ آئرلینڈ کی ٹیم کو مدعو کیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے پاکستان آنے کے اخراجات بھی ہم برداشت کریں تاہم ہم ابھی اس پوزیشن میں نہیں کہ یہ اخراجات برداشت کر سکیں ۔

SHARE

LEAVE A REPLY