بھارت کے مقبول مزاحیہ اداکار کپل شرما پھنس گئے

0
1354

بھارت کے مقبول مزاحیہ اداکار کپل شرما کے کامیڈی پروگرام میں بھارتی سیاستدان کی جانب سے خواتین کے خلاف نازیبا کلمات کی ادائیگی کے باعث ’’دی کپل شرما شو‘‘ ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگیا۔
بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین مزاحیہ پروگرام ’’دی کپل شرما شو‘‘کا شمارکچھ عرصہ پہلے تک بھارت کے پسندیدہ ترین شوز میں ہوتا تھا ۔
شو نے مقبولیت میں باقی تمام پروگرامز کو پیچھے چھوڑدیا تھا لیکن رواں سال اپریل میں کپل اورسنیل گروور کے درمیان جہازمیں پیش آنیوالے ناخوشگوارواقعے نے شو کی مقبولیت کا گراف نیچے گرادیا تاہم کپل کی کڑی محنت اور کوششوں کے بعد شو دوبارہ مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
اب ایک بار پھر ’’دی کپل شرما شو‘‘ مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند روز قبل ’’دی کپل شرما شو‘‘ میں بھارتی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے اہم ارکن کمار وشواس، مشہور بھارتی شاعرہ شبینہ ادیب اور ڈاکٹر راحت ایندوری مدعو تھے ۔
شو کو مزیدار بنانے کیلئے کمار وشواس نے خواتین کے خلاف مزاقاً چند نازیبا کلمات کہنے شروع کردئیے جس کے باعث شو میں موجود خواتین کی سخت دل آزاری ہوئی ۔
کمار وشواس کے اس عمل نے بھارتی خواتین کو سخت مشتعل کردیا اور وہ ان کے خلاف میدان میں اتر آئیں ۔
بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کمار وشواس کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروادی ہے اور انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے ’’دی کپل شرماشو‘‘ کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کپل کو سوچ سمجھ کر مہمانوں کو شو میں مدعو کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ کمار وشواس نے 2014 میں بھی خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے جس کے باعث انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY