آئی سی سی ورلڈکپ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 190 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں چھٹی جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی۔

پونے میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں4 وکٹوں پر357 رنز بنائے، وینڈر ڈوسین 133 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ڈی کوک نے 114 رنز کی اننگز کھیلی۔

وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک کی رواں ورلڈکپ میں یہ چوتھی سنچری تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں تھے جس کے پیش نظر کین ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم نے ٹیم کی قیادت کی۔

جنوبی افریقا کے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری نیوزی لینڈ کی ٹیم 36 ویں اوور میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،گلین فلپس 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے بعد جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا جبکہ نیوزی لینڈ 7 میچز میں 3 میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

جنوبی افریقا کی اننگز

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان ٹمبا باووما اور اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے کیا لیکن کیویز بولرز کے سامنے باووما اپنی ٹیم کو ایک بڑی پارٹنر شپ نہ دے سکے اور بولٹ کی گیند 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

38 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور وینڈر ڈوسین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز کی شراکت بنائی، دونوں نے سنچریاں بھی اسکور کی۔

کوئنٹن ڈی کوک کی رواں ورلڈکپ میں چوتھی جبکہ ڈوسین کی دوسری سنچری ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف وینڈر ڈوسین نے 133 رنز بنائے جبکہ ڈی کوک 114 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 30 گیندوں پر شاندار 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ ہینرک کلاسن7 گیندوں پر 15 اور مارکرم 6 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر 357 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

جنوبی افریقا کے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے، افریقی بولز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک کے بعد ایک وکٹ گرائی۔

گلین فلپس 60، ول ینگ 33 اور ڈریل مچل 24 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے، اس کے علاوہ کوئی بھی کیوی بیٹر زیادہ دیر تک کریز پر رہ نہ سکا۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 35.3 اوورز میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکو یانسن نے 3، کوئٹزی نے 2 اور رباڈا نے ایک وکٹ لی۔

SHARE

LEAVE A REPLY