امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اچانک اپنے کمیونیکیشن ڈائریکٹر انتھونی سارا موچی کو برطرف کردیا۔ انہوں نے محض ایک ہفتہ پہلے وہائٹ ہاؤس کے اس اہم عہدے پر اپنا کام شروع کیا تھا۔

امریکی عہدے داروں نے میڈیا ذرائع کو بتایا کہ 53 سالہ ساراموچی کو وہائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف سٹاف جان کیلی کی درخواست پر برخاست کیا گیا ہے۔

وہائٹ ہاؤس نے سرکاری طور پر یہ اعلان کیا ہے کہ ساراموچی کی برطرفی جان کیلی کو وہائٹ ہاؤس کے روزمرہ کے معمولات چلانے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

نیویارک ٹائمز نے پیر کے روز یہ خبر اس تین افراد کے حوالے سے شائع کی جن کے بارے میں دعوی کیا گیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے قریبی شاہد ہیں۔ تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ساراموچی کی اپنے عہدے سے علیحدگی کی خبر ، وہائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف سٹاف ریٹائرڈ جنرل جا ن کیلی کے اپنا عہدے سنبھالنے کے چند گھنٹوں کے بعد سامنے آئی ہے۔

پولیٹیکو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ساراموچی کی برطرفی کیلی کی درخواست پر کی گئی ہے۔ اس خبر کے بارے میں پولیٹیکو نے وہائٹ ہاؤس کے دو افراد کا حوالہ دیا ، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

SHARE

LEAVE A REPLY