زمبابوے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر وائٹ واش سے بچنے میں کامیاب ہوگیا، سیریز 1-2 سے قومی ٹیم کے نام رہی۔
راولپنڈی میں کھیلا گیا میچ مقررہ 50 اوورز میں ٹائی رہا، میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جہاں زمبابوے کو جیت کے لیے تین رنز کا آسان ہدف ملا۔
قبل ازیں زمبابوے کے کپتان چیمو چبھابھا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت نہیں ہوسکا۔
فاسٹ بولر محمد حسنین نے مہمان ٹیم کے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کرکے ان کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ ڈی۔
بعدازاں شان ولیمز نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 278 رنز تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے بیٹسمین تیسرے میچ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
تاہم دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی بہترین کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ میچ کو اپنی ٹیم کے حق میں فنش کرنے سے قبل ہی آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد زمبابوے کے بولرز نے پاکستانی ٹیل اینڈرز کو دبوچ لیا اور 278 رنز کا ہدف عبور کرنے نہیں دیا۔
قومی ٹیم کو آخری گیند پر جیت کے لیے 5 رنز درکار تھے تو محمد موسیٰ نے چوکا لگا کر اسکور برابر کردیا۔
میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جہاں زمبابوے نے پاکستان کو شکست دی۔












