عمران خان کے کردار پرلگائے گئے سنگین الزامات اور وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک پر کرپشن کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ پی ٹی آئی کے بھی بہت سے ارکان تحقیقات کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
عائشہ گلالئی کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کے کردار سے متعلق خوفناک الزامات اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مبینہ کرپشن سامنے لائی گئی تو اپوزیشن رہنماؤں سمیت تحریک انصاف سے وابستہ سابق رہنما بھی بول پڑے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی گلالئی کے انکشافات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان لیڈرشپ کا فائدہ اٹھا کر خواتین کو بلیک میل کررہے ہیں ۔ امید ہے چیف جسٹس عائشہ گلا لئی کی اپیل پر معاملے کا ازخود نوٹس لیں گے۔
سینئر سیاستدان اور تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی نے کہا کہ جانتا ہوں عمران خان خواتین کی عزت نہیں کرتے۔ ان کی کوئی ساکھ باقی نہیں رہی۔انہیں تو جج بھی جھوٹا کہتے ہیں ۔
تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصور ی نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وقت آگیا ہے کہ پرویز خٹک پرالزامات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے ۔
حال ہی میں تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنےوالی ناز بلوچ نے بھی ایک بیان میں کہا کہ گلالئی کےالزامات نے میری باتوں کی تصدیق کردی ہے ۔عمران خان کوالزامات کی تحقیقات کروانی ہوں گی۔












