پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں شک ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا اور ان کے الزام کے پیچھے (ن) لیگ کھڑی ہے۔‘
نجی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’عائشہ گلالئی کے فیصلے پر مجھے حیرت ہوئی اور ان کے الزامات پر تعجب ہوا جبکہ ان سے یہ امید نہیں تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عائشہ گلالئی کو اگر کوئی شکایت تھی تو انہوں نے 4 سال کے دوران کیوں نہیں کی، اگر نامناسب میسج ملا تو انہیں چپ نہیں رہنا چاہیے تھا، اگر کوئی ناراضگی تھی تو وہ 4 سال تک پارٹی پالیسیوں کا دفاع کیوں کرتی رہیں، تحریک انصاف میں خواتین کی عزت کی جاتی ہے اور میں بھی بحیثیت خاتون عائشہ گلالئی کا احترام کرتا ہوں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’عائشہ گلالئی نے مجھ سے ملاقات میں جلسے میں خطاب کا موقع نہ ملنے کا شکوہ کیا تھا اور وہ این اے ون کا ٹکٹ بھی چاہتی تھیں، مجھے شک ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا اور ان کے الزام کے پیچھے (ن) لیگ کھڑی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پیسے چلانا (ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، وہ شروع سے چھانگا مانگا والی سیاست کر رہی ہے، مخالفین کی جانب سے آئندہ بھی ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کی توقع ہے لیکن ہماری کرپشن کے خلاف جہد وجہد جاری رہے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شریف خاندان اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کے لیے غلط بیانی کر رہا ہے، وہ اپنی چوری چھپانے کے لیے ہر سطح تک جائیں گے، سابق وزیر اعظم نواز شریف وہی کر رہے ہیں جو بادشاہ کرتا ہے، جبکہ (ن) لیگ کو این اے 120 کی سیٹ ہاتھ سے جانے کا خوف ہے۔‘












