سابق وزیر اعظم نوازشریف نے بدھ کو جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور جانے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کل بذریعہ موٹر وے لاہور جانے کا پروگرام ملتوی کر دیا،لاہور میں ان کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

زعیم قادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان کا شاندار استقبال کرکے کامیابی کی نوید سنائیں گے، پرویز ملک کہتے ہیں کہ نوازشریف کا لاہور میں بھرپور استقبال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت کی ہے جس کے بعد اب نوازشریف کل موٹرے وے کی بجائے براستہ جی ٹی روڈ بدھ کو لاہور جائیں گے۔

ترجمان مسلم لیگ ن آصف کرمانی کے مطابق نوازشریف 9 اگست کی صبح 9 بجے جی ٹی روڈ سے لاہور روانہ ہوں گے، فیصلے میں تبدیلی کارکنوں، ایم این ایزاور ایم پی ایز کی خواہش اور مطالبے پر کیا۔

اس حوالے سے لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا لاہور پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا جائے گا، وہ لاہور پہنچنے کے بعد ان شا اللہ داتا دربار حاضری دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پاکستان اور بالخصوص لاہور کے شہریوں کی بہت خدمت کی،ان کاحق بنتا ہے کہ ان کا بھرپور استقبال کیا جائے۔

اس موقع پر زعیم قادری کا کہنا تھا کہ نواز شریف جس پر ہاتھ رکھ دیں وہ وزیر اعظم بن جاتا ہے، وہ کسی وزارت عظمیٰ کےمرہون منت نہیں،پرویز مشرف کا مارشل لا ہو یا یہ فیصلہ،مورخ تاریخ میں ذکر ضرور کرے گا۔

زعیم قادر ی کامزید کہنا ہے کہ نواز شریف موٹر وے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچیں گے، لاہور پہنچنے پر ان کا فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا یہ سفر پہلا سفر نہیں ہو گا بلکہ آئندہ کے سیاسی سفر کا آغاز ہو گا، لاہور کے بعد نواز شریف ملک کے دوسرے حصوں کا بھی سفر کریں گے،قوم سے اپیل ہے کہ نواز شریف کا بھرپور استقبال کیا جائے۔
واضح رہے کہ نوازشریف کے موٹروے سے لاہور جانے پر جی ٹی روڈ کے مسلم لیگی کارکنوں نے برا منایا تھا اور احتجاج کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY